کوہلی اور انوشکا کی راجر فیڈرر سے ملاقات

   

ملبورن۔ 19 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی سرزمین پر ہندوستان کو ٹسٹ اور ونڈے میں تاریخی کامیابی دلوانے والے کرکٹ کپتان ویراٹ کوہلی نے آج ٹینس کے بادشاہ تصور کئے جانے والے سابق عالمی نمبر ایک راجر فیڈرر سے یہاں راڈ لیور ایرینا میں ملاقات کی۔ اس موقع پر کوہلی کے ساتھ ان کی اہلیہ اور بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما بھی موجود تھیں۔ کوہلی اور انوشکا نے فیڈرر سے ملاقات کے علاوہ عالمی نمبر ایک نواک جوکووچ کا مقابلہ بھی دیکھا جس میں انہوں نے نوجوان کھلاڑی ڈینس شاپالوو کو ایک دلچسپ مقابلے میں شکست دی۔ اس کے علاوہ اس جوڑی نے چوتھے راؤنڈ میں کھیلے گئے خاتون زمرہ کے مقابلے میں سرینا ولیمس کو بھی ایکشن میں دیکھا۔ اس موقع پر کوہلی نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ آسٹریلیائی اوپن میں ایک یادگار دن رہا اور دورۂ آسٹریلیا کا تاریخی انداز میں اختتام بھی یادگار ہے۔ فیڈرر جنہوں نے کوہلی سے ملاقات سے قبل ہی امریکی کھلاڑی ٹیلر فریٹز کو شکست دے کر رواں گرانڈ سلام کے چوتھے راؤنڈ میں رسائی حاصل کرلی ہے جبکہ دوسری جانب کوہلی کی قیادت میں ہندوستان نے آسٹریلیا کو 2-1 سے شکست دی۔