نئی دہلی ۔ہندوستانی سابق کپتان سنیل گواسکر نے کہا ہے کہ کپتانی کے معاملے پر ویراٹ کوہلی کے بیان پر معاملات سْلجھانے کے لیے سوروگنگولی بہترین شخص ہیں لہٰذا اْن سے اس بارے میں سوال کرنا چاہیے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سنیل گواسکر نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ کوہلی کے تبصرے حقیقت میں بی سی سی آئی کو تصویر میں نہیں لاتے اور ہمیں بی سی سی آئی کے صدر گنگولی سے پوچھنے چاہیے کہ یہ متضاد بیان کیوں سامنے آرہے ہیں کیونکہ وہی اس کا جواب دے سکتے ہیں۔سنیل گواسکر نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین کو سامنے آکر واضح کرنا چاہیے کہ کس کرکٹر کو باہر کیا گیا ہے اور کسے منتخب کیاگیا ہے اور اس کے لیے ایک پریس ریلیز کافی اچھی ثابت ہوتی ہے کیونکہ تمام وجوہات بتانے والی ایک اچھی پریس ریلیز زندگی کو بہت آسان بنا دیتی ہے۔اْنہوں نے مزید کہا کہ یہ سلیکٹرز ہیں جن کے پاس سلیکشن کمیٹی کے اجلاس کا مکمل اختیار ہوتا ہے، کپتان تو صرف ایک شریک منتخب رکن ہے۔واضح رہے کہ بی سی سی آئی کی جانب سے روہت شرما کو ونڈے ٹیم کا کپتان بنائے جانے کے بعد ہندوستانی کرکٹ میں نیا تنازعہ پیدار ہوگیا ہے۔ٹسٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی ہیں، جبکہ جنوبی افریقہ کے خلاف ہونے والی سیریز میں روہت شرما کو ٹسٹ سے باہرہوئے ہیں جبکہ ویرات کوہلی نے ونڈے کھیلنے سے رخصت مانگی تھی لیکن حالات کوکشیدہ ہونے کے بعد انہوں نے گزشتہ روز ونڈے کیلئے اپنی دستیابی کا اعلان کیا ہے۔دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کوہلی نے کہا کہ میں سلیکشن کے لیے دستیاب تھا، دستیاب ہوں اور ہمیشہ ٹیم کی سلیکشن کے لیے دستیاب رہا ہوں، میں ونڈے کرکٹ کھیلنے کے لیے بے تاب تھا۔یادرہے کہ متحدہ عرب امارات میں ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل کوہلی نے ٹی20 کی قیادت سے کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا لیکن انہوں نے ونڈے کی قیادت نہیں چھوڑی تھی۔