کوہیر ۔ 16ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کوہیر میونسپل کی حدود میں واقع گورنمنٹ ہاسپٹل میں میر مظفر حسین صدر کانگریس پارٹی کوہیر ٹاؤن کی جانب سے 44 ہزار سے زائد کی لاگت سے سی سی کیمروں کی تنصیب عمل میں لائی گئی ۔ اس موقع پر کوہیر میونسپل چیرمین ایم اشوک ، وائس چیرمین محمد عبدالمنان جاوید ، سب انسپکٹر پولیس ٹی نریش ، کونسلرس محمد احمد بلالہ ، محمد رفیع الدین ، سریشا رانی کے علاوہ محمد جاوید لیڈر موجود تھے ۔ اس موقع پر ایم اشوک چیرمین نے مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ کوہیر میں ایک عالیشان گورنمنٹ ہاسپٹل کی عمارت موجود ہے جس کی حفاظت اور اس میں کام کرنے والے ملازمین جس میں خاتون ڈاکٹرس اور نرسیس کی حفاظت بھی ہماری ہی ذمہ داری ہے ۔ انھوں نے بتایا کہ کچھ غیرسماجی عناصر رات کے اوقات میں ڈاکٹروں سے بدسلوکی اور ناشائستہ حرکت وغیرہ کرنے کی شکایت موصول ہوئی ہے ۔ایسی حرکت بالکل غلط ہے ، یہاں پر سرکاری ملازمین ہماری خدمات کیلئے آئے ہیں اُن کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آنے کی ضرورت ہے ۔ اس موقع پر سب انسپکٹر پولیس کوہیر ٹی نریش نے مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ سی سی کیمروں کی تنصیب سے مجرموں کو پکڑنے میں آسانی ہوتی ہے ۔ ایک سی سی کیمرہ 10 سے زائد پولیس عہدیداروں کا کام کرتا ہے ۔ مجرم کتنی بھی چالاکی کرے وہ پولیس کی گرفت میں آہی جائے گا ۔ سب انسپکٹر نے میر مظفر حسین کی خدمات کی ستائش کی ۔ اس موقع پر طبی عملہ بھی موجود تھا ۔