کوہ امام ضامن کی موقوفہ اراضی پر قبضہ جات کا جائزہ

   

حیڈرا حرکت میں۔ شیعہ تنظیموں کے ذمہ داران سے ملاقات ۔ کارروائی کا تیقن

حیدرآباد 8 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈکی جانب سے کوہ امام ضامنؒ کی موقوفہ اراضی کے تحفظ کیلئے نمائندگی اور مولانا سید نثار حسین حیدر آغا کے علاوہ دیگر تنظیموں کی ترملگیری میں واقع اس انتہائی قیمتی اوقافی اراضی پر جاری ناجائز قبضوں کی برخواستگی کے سلسلہ میں ’حیڈرا‘ سے نمائندگی کے بعد آج ’حیڈرا‘ و محکمہ مال کے عہدیداروں نے ترملگیری سکندرآباد میں اس انتہائی قیمتی موقوفہ اراضی پر ناجائز قبضوں کا جائزہ لیا اور قابضین کی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے بعد فوری کارروائی کا تیقن دیا۔ بتایا گیا کہ ’حیڈرا‘ حکام سے شیعہ تنظیموں کی شکایات کے بعد ’حیدرا‘ عہدیدارو ں نے اپنے طور پر شکایات کا جائزہ لیا اور مختلف ٹیموں نے اس موقوفہ جائیداد پر جاری سرگرمیوں کے متعلق رپورٹ تیار کرنے کے بعد آج شکایت کنندگان کو طلب کرکے غیر قانونی سرگرمیوں کے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔ ’حیڈرا‘ عہدیداروں سے ملاقات میں مولانا سید نثار حسین حیدر آغا‘ رکن تلنگانہ وقف بورڈ و صدر کوہ امام ضامنؒ ‘ جناب سید علی جعفری کے علاوہ دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔ ’حیڈرا‘ حکام نے معائنہ کے بعد شیعہ تنظیموں کو تیقن دیا کہ وہ ناجائز قبضہ جات کی برخواستگی کے فوری اقدامات کریں گے۔ بتایا گیا کہ ’حیڈرا‘ عہدیداروں نے محکمہ مال کے حکام کو ہدایت دی کہ وہ فوری پولیس سے ان سرگرمیوں کے متعلق شکایت درج کروائیں اور ’حیڈرا‘ عہدیداروں کو واقف کروائیں۔ ذرائع کے مطابق محکمہ مال کو ہدایت کے بعد کوہ امام ضامنؒ کی موقوفہ اراضی پر غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے محکمہ پولیس سے شکایت کے اقدامات کئے جا رہے ہیں جبکہ وقف بورڈ سے پہلے ہی شکایت کی جاچکی ہے۔ ڈاکٹر سید نثار حسین حیدرآغا نے بتایا کہ شیعہ تنظیموں کو ’حیڈرا‘ نے جو تیقن دیا اس کے مطابق آئندہ چند ہفتوں میں موقوفہ اراضی پر تعمیرات کو برخواست کروانے کے کا آغاز کیا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں یقین ہے کہ موقوفہ جائیدادوں کے تحفظ کے سلسلہ میں جاری ان کوششوںکو ضرور کامیابی حاصل ہوگی۔3