بے قصور ثابت ہونے تحقیقات کا سامنا کریں، کے سی آر خاندان بدعنوانیوں میں ملوث
حیدرآباد۔/8 مارچ، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر سیاحت و کلچر جی کشن ریڈی نے کہا کہ بی آر ایس رکن کونسل کویتا کو انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی نوٹس سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ قانون کی نظر میں تمام برابر ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کویتا کو انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی نوٹس میں غلطی کیا ہے۔ تحقیقاتی ایجنسیوں کے معاملات میں بی جے پی اور مرکزی حکومت مداخلت نہیں کرتی۔ کشن ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ عوام بدعنوانیوں کے معاملات سے عاجز آچکے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی نوٹس پر اس قدر ہنگامہ کی کیا ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات کا سامنا کرتے ہوئے کویتا کو اپنا بے قصور ہونا ثابت کرنا چاہیئے۔ تلنگانہ سماج اور آپ کا خاندان ایک نہیں ہوسکتے۔ قانون اپنا کام کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ نئی دہلی میں شراب کا کاروبار کیا گیا۔ سیل فون کے ذریعہ تحقیقاتی ایجنسیوں کو بعض ثبوت ملے ہیں۔ کشن ریڈی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے بی آر ایس قائدین بدعنوانیوں اور ناکامیوں کی پردہ پوشی کررہے ہیں۔ تلنگانہ میں کے سی آر خاندان کی بدعنوانیوں سے ہر کوئی واقف ہے۔ ریاست میں دستوری اداروں کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔ ریاست میں پولیس ڈپارٹمنٹ برسراقتدار پارٹی کے اشاروں پر کام کررہا ہے۔ کشن ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد میں تاجروں کو برسراقتدار پارٹی کیلئے کام کرنے کی دھمکی دی جارہی ہے۔ ریاست میں آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیدار حکومت کے یرغمال ہیں انہیں کوئی آزادی نہیں ہے۔ تلنگانہ میں ریت، لکر اور مائننگ مافیا کا راج ہے۔ حکومت اپوزیشن کی آواز کچلنا چاہتی ہے۔ کشن ریڈی نے ریاستی گورنر ٹی سوندرا راجن کے خلاف ریاستی وزراء اور بی آر ایس قائدین کے بیانات پر افسوس کا اظہار کیا۔ر