کویتا کی گرفتاری پر احتجاج مضحکہ خیز، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی

   

تلنگانہ کے عوام کو پریشان کرنے کے بجائے دہلی میں احتجاج کرنے بی آر ایس کو مشورہ
حیدرآباد ۔ 16 مارچ (سیاست نیوز) ریاستی وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کویتا کی گرفتاری پر بی آر ایس کی جانب سے تلنگانہ میں احتجاجی دھرنے منظم کرنے پر سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ دہلی شراب اسکام سے تلنگانہ عوام کا کیا تعلق ہے۔ کویتا کو تلنگانہ کی پولیس نہیں ای ڈی کے عہدیداروں نے گرفتار کیا ہے، جس پر بی آر ایس ریاست بھر میں احتجاج کرتے ہوئے عوام کو کیوں پریشان کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں چندرا بابو نائیڈو کی گرفتاری کے خلاف حیدرآباد میں احتجاج کیا گیا اس وقت کی بی آر ایس حکومت نے عوام کو احتجاج کرنے نہیں دیا اور کہا کہ یہ پڑوسی ریاست آندھراپردیش کا معاملہ ہے یہاں احتجاج کرنے سے لا اینڈ آرڈر کا مسئلہ پیدا ہوگا۔ شراب اسکام کا معاملہ دہلی میں ہے تو پھر کیوں بی آر ایس تلنگانہ میں احتجاج کررہی ہے۔ کیا اب لا اینڈ آرڈر کا مسئلہ پیدا نہیں ہوگا۔ کے ٹی آر اور بی آر ایس کے دوسرے قائدین وضاحت کریں۔ اگر بی آر ایس کو دھرنا کرنا ہے تو وہ دہلی میں کریں۔ ای ڈی کے دفتر کے سامنے کریں۔ تلنگانہ میں دھرنا کرتے ہوئے عوام کو کیوں پریشان کیا جارہا ہے۔ قانون سب کیلئے ایک ہونا چاہئے۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کویتا کی گرفتاری کو بی آر ایس اور بی جے پی کی سازش کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اس سے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہی ہے۔ دوسری طرف بی آر ایس ہمدردی کی لہر سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہی ہے مگر دونوں جماعتوں کے ناپاک عزائم ناکام ہوں گے اور کانگریس پارٹی زیادہ سے زیادہ لوک سبھا حلقوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔2