کچھ لوگ کشمیریوں کو ہندوستانی تسلیم نہیں کرتے

   

کشمیر کو ہندوستان کا اٹوٹ حصہ مانتے ہیں، چدمبرم کا ردعمل
نئی دہلی 21 فروری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم نے کہاکہ بعض لوگ کشمیر کو ہندوستان کا حصہ بنانا چاہتے ہیں لیکن کشمیریوں کو ہندوستانیوں کا حصہ تسلیم نہیں کرتے۔ اُنھوں نے زور دے کر کہاکہ ایسی صورتحال مایوس کن ہے۔ ٹوئٹر پر اپنی سلسلہ وار ٹوئٹس میں سابق وزیرداخلہ و فینانس پی چدمبرم نے میگھالیہ کے گورنر تتھا گٹا رائے کے بیان پر نکتہ چینی کی اور کہاکہ اُنھوں نے جو بیان دیا ہے وہ افسوسناک ہے۔ گورنر کشمیری اشیاء کا بائیکاٹ کرنے کے حامی ہیں لیکن اِس ریاست کشمیر کو سیاح کی حیثیت سے دورہ کرتے ہیں۔ مرکزی وزیر پرکاش جاویڈکر کہہ رہے ہیں کہ وادی سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ ملک کی ایسی صورتحال مایوس کن ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ حصہ رہے لیکن کشمیریوں کو ہندوستانی تسلیم نہیں کرتے۔ چدمبرم نے کہاکہ اسٹیچیو آف یونٹی 182 میٹر طویل ہے۔ مجسمہ سردار پٹیل سردار سروور ڈیم گجرات میں واقع ہے، کیا گورنر میگھالیہ اور د یگر یہ سوچتے ہیں کہ کشمیریوں کے لئے بھی ہندوستان میں کوئی جگہ نہیں ہوگی۔ سردار پٹیل ہندوستان کے پہلے وزیر داخلہ تھے۔ اُنھوں نے ملک کی یکجہتی کے لئے کام کیا اور 560 ریاستوں کو انڈین یونین میں ضم کرنے کا سہرا اُن کے سر جاتا ہے۔ کیا کشمیری عوام بھی اِس ریاست کا حصہ نہیں ہیں۔ کانگریس لیڈر نے مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل کے بیان کا حوالہ دیا جنھوں نے کشمیری طلبہ پر کسی بھی حملے کی اطلاع کی تردید کی۔ ہندوستان کے بعض لوگ کشمیری طلبہ کو انسان تصور نہیں کرتے اور انھیں ملک کے کسی بھی حصہ میں تعلیم حاصل کرنے کے حق دار نہیں مانتے، کیا یہ درست ہے؟