کڑپہ میں 100 مستحقین میں سلائی مشینوں کی تقسیم

   

کڑپہ ۔ 9 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) انسان محنت و کوشش کے ساتھ خود روزگاری کے ذریعہ جب اپنے قدم بڑھاتا ہے تو وہ باعزت طریقہ سے اپنے معاشی مسائل حل کرنے کے قابل بن جاتا ہے اور دوسروں کا محتاج ہونے سے بچ جاتا ہے ان خیالات کا اظہار مولانا غیاث احمد رشادی نے صفا بیت المال اور رہبر فاونڈیشن کے اشتراک سے سرزمین کڑپہ ، آندھرا پردیش میں مستحق خواتین میں سلائی مشینوں کی تقسیم کے پس منظر میں کیا ۔ مولانا نے کہا کہ مستحق افراد کو محض مالی امداد فراہم کرنے کے بجائے انہیں روزگار کے وسائل فراہم کرنا زیادہ موثر اور دیرپا طریقہ ثابت ہوگا ، جس سے وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے باعزت ذریعہ معاش اختیار کرسکتے ہیں۔صفا بیت المال انڈیا اور رہبر فاؤنڈیشن کے اشتراک سے 8اکتوبر کو مسجد عثمان بن عفان گراؤنڈ، کڑپہ میں آر ایف سلائی مشین تقسیم پروگرام منعقد کیا گیا، جس کے تحت 100 مستحق خواتین میں سلائی مشینیں تقسیم کی گئیں۔تقسیم کی جانے والی مشینوں کا مقصد مستحقین کو اپنے ہنر کو عملی روزگار میں تبدیل کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ پروگرام میں صفا بیت المال ہیڈ آفس کی جانب سے محمد ابراہیم اللہ خان، ایونٹ کوآرڈینیٹر، عادل نواز اور عبدالرحیم، میڈیا کوآرڈینیٹرز، عبدالرحمن اور محمد عثمان سروے آفیسر نے شرکت کی۔