لکھنؤ ۔ 13 ستمبر (ایجنسیز) اتر پردیش میں ایک 21 سالہ لڑکی کی شوہر کے ساتھ جھگڑے کے بعد مشتبہ موت نے علاقہ میں سنسنی پھیلا دی۔ میڈیا کے مطابق خاتون کی مشتبہ موت کا واقعہ اِس وقت پیش آیا جب اِس کے شوہر نے چکن پکانے کا مطالبہ کیا لیکن اِس نے سبزی بنا دی۔ اس بات پر دونوں میں شدید جھگڑا ہوا جس کے بعد خاتون کی پراسرار طور پر موت واقع ہو گئی۔ پولیس کے مطابق 21 اگست کو نِگم نے مقامی تھانے میں پہلے اپنی بیوی رینا کی گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی اور بعد ازاں تفتیش کے دوران اِس نے خود ہی اعتراف کر لیا کہ جھگڑے کے بعد اِس نے اپنی بیوی کو زد و کوب کیا تھا۔ پولیس کے مطابق رینا کے شوہر نے اپنے بیان میں بتایا کہ جھگڑے کے بعد بیوی کی نعش کمرے میں پھندا لگی ملی تھی۔ میڈیا کے مطابق حقیقت میں خوف کے باعث نِگم نے رینا کی نعش کو رشتہ داروں کی مدد سے چادر میں لپیٹا اور اس میں مٹی بھر کر گنگا میں بہا دیا تھا۔ پولیس کو اب تک صرف رینا کا دوپٹہ دریا سے برآمد ہوا ہے جبکہ نعش کی تلاش جاری ہے۔