کھرگون سے لاپتہ تین بہنیں اجمیر سے بازیاب

   

کھرگون: مدھیہ پردیش کے کھرگون ضلع کے کرہی علاقے سے اسکول جانے کے بعد لاپتہ ہونے والی تین نابالغ بہنوں کو راجستھان میں ضلع اجمیر کے سری نگر سے تلاش کرلیاگیا ہے ۔کھرگون کے پولیس سپرنٹنڈنٹ دھرم ویر سنگھ یادو نے کہا کہ 15 اور 13 سال کی دو حقیقی اور15 سالہ ان کی چچازاد بہن کو راجستھان پولیس کی مدد سے اجمیر ضلع کے سری نگر میں بحفاظت ڈھونڈ لیا گیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ وہاں بھیجی گئی پولیس ٹیم انہیں جلد واپس لائے گی اور اس کے بعد واقعے کی وجہ معلوم ہوگی۔کرہی پولیس اسٹیشن کے انچارج پرمانند گوئل نے بتایا کہ کل اسکول جانے والی تینوں بہنیں گھر واپس نہیں آئیں۔ اس کے بعد تلاشی میں پتہ چلا کہ وہ بڑواہ میں ایک بس کے ذریعے اندور گئیں اور وہاں سے دوسری بس کے ذریعے راجستھان کے لیے روانہ ہوگئیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اس وقت راجستھان کے اجمیر ضلع کے سری نگر میں محفوظ ہیں۔