نئی دہلی، 29 جون (یو این آئی) نائب صدر سی پی رادھا کرشنن نے پیر کو کانگریس صدر ملکارجن کھرگے سمیت راجیہ سبھا کے نو منتخب آٹھ ارکان کو راجیہ سبھا کی رکنیت کا حلف دلایا۔راجیہ سبھا سکریٹریٹ کی طرف سے جاری کردہ ریلیز کے مطابق، مسٹر رادھا کرشنن نے پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقدہ ایک سادہ تقریب میں جن ارکان کو راجیہ سبھا کے رکن کے طور پر حلف دلایا ان میں کرناٹک سے منتخب ہونے والے مسٹر کھرگے ، گجرات سے بی جے پی امیدوار کے طور پر منتخب ہوئے جتیندر میگھ جی بھائی کنجاریا اور مسٹر مان سنگھ میرامن پرمار، کرناٹک سے بی جے پی کے ایم ناگراجا، مدھیہ پردیش سے بی جے پی کے مسٹر ترون چگ، مہاراشٹر سے منتخب ہوئے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے راجیندر ہیرا لال جین، منی پور سے بی جے پی کی محترمہ ادھیکاری مایوم شاردا دیوی عرف میموم شاردا دیوی اور راجستھان سے بی جے پی کی ڈاکٹر الکا سنگھ شامل ہیں۔ اس موقع پر مرکزی وزراء جے پی نڈّا، مسٹر ارجن رام میگھوال، مسٹر کرن ریجیجو اور کانگریس کی سینئر لیڈر محترمہ سونیا گاندھی، محترمہ پرینکا گاندھی واڈرا، مسٹر کے سی وینوگوپال سمیت کئی دیگر قائدین موجود تھے ۔