کھلے نالے میں فوت ہونے والی کمسن لڑکی کو معاوضہ دیا جائے

   

کانگریس قائدین کی متاثرہ خاندان سے ملاقات،کے ٹی آر سے استعفیٰ کا مطالبہ

حیدرآباد۔ کانگریس قائدین نے دو دن قبل سکندرآباد کے اے ایس راؤ نگر سے تعلق رکھنے والی لڑکی کے افراد خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے اظہار ہمدردی کیا۔ یہ لڑکی دو دن قبل بارش کے دوران ایک نالہ میں بہہ گئی تھی اور کافی دوری پر نعش دستیاب ہوئی۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے ترجمان ڈی شراون، نامپلی انچارج فیروز خاں، یوتھ کانگریس کے صدر انیل کمار یادو، صدر ضلع کانگریس سری سیلم گوڑ، این سریدھر اور دیگر قائدین نے متاثرہ لڑکی کے افراد خاندان سے ملاقات کی۔ انہوں نے اس واقعہ پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے معاوضہ کی ادائیگی کیلئے نمائندگی کا تیقن دیا۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ بارش کے دوران کھلے مین ہولس اور نالوں کے نتیجہ میں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے لہذا حکومت کو ذمہ داری قبول کرتے ہوئے ایکس گریشیا کا اعلان کرنا چاہیئے۔ اسی دوران پردیش کانگریس کے ترجمان جی نرنجن نے واقعہ کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے وزیر بلدی نظم ونسق کے ٹی راما راؤ سے استعفی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ 12 سالہ لڑکی ملکاجگری میں کھلے نالہ میں بہہ کر فوت ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے عوام بارش کے دوران خود کو غیر محفوظ تصور کررہے ہیں۔ کے ٹی آر شہر میں ترقی سے متعلق بلند بانگ دعوے کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔ شدید بارش کی صورت میں حکومت کی جانب سے کوئی احتیاطی تدابیر نہیں ہیں۔ نرنجن نے کھلے نالہ کیلئے ذمہ دار عہدیداروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کی ترقی سے متعلق حکومت کے دعوے کھوکھلے ہیں۔