گھرگھر تلگودیشم مہم کے تحت بس یاترا کی تجویز، تلنگانہ میں پارٹی کے استحکام پر توجہ
حیدرآباد۔/8جنوری،( سیاست نیوز) کھمم میں روڈ شو کی کامیابی کے بعد صدر تلگودیشم این چندرا بابو نائیڈو نے تلنگانہ کے دیگر اضلاع میں روڈ شو اور جلسہ عام کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ تلنگانہ میں تلگودیشم پارٹی کے احیاء اور استحکام پر چندرا بابو نائیڈو نے توجہ مرکوز کی ہے۔ ظہیرآباد لوک سبھا حلقہ سے تعلق رکھنے والے تلگودیشم قائدین کا اجلاس ریاستی صدر کاسانی گیانیشور گوڑ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ پولیٹ بیورو کے رکن آر چندر شیکھر ریڈی اور سینئر قائدین نے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے پارٹی کے استحکام کے سلسلہ میں تجاویز پیش کی۔ بتایا جاتا ہے کہ فیصلہ کیا گیا کہ دوسرا جلسہ عام ضلع نظام آباد میں منعقد کیا جائے۔ چندرا بابو نائیڈو سے وقت حاصل کرتے ہوئے جلسہ عام کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔ چندرا بابو نائیڈو نے نظام آباد میں جلسہ عام کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔ متحدہ نظام آباد ضلع کے علاوہ اطراف کے اضلاع سے عوام کو ریالی میں شامل کرنے کا منصوبہ ہے۔ چندر شیکھر ریڈی نے کہا کہ تلگودیشم پارٹی کئی اضلاع میں مستحکم موقف رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے تمام اضلاع کا احاطہ کرنے کیلئے بس یاترا کے آغاز کی تجویز ہے۔ تلنگانہ میں گھر گھر تلگودیشم پارٹی کے نعرہ کے تحت مہم کا آغاز کیا جائے گا جس کے تحت تمام منڈلوں اور مواضعات کا احاطہ ہوگا۔ بی جے پی، کانگریس اور وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی نے پدیاترا کی منصوبہ بندی کی ہے جبکہ بی جے پی نے بس یاترا کا منصوبہ بنایا ہے جس کیلئے خصوصی گاڑی تیار کی جارہی ہے۔ ریاستی صدر کاسانی گیانیشور نے توثیق کی ہے کہ تلنگانہ کے تمام 119 اسمبلی حلقہ جات میں تلگودیشم اپنے امیدوار کھڑا کرے گی کسی بھی پارٹی سے مفاہمت کے بارے میں فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ گھر گھر تلگودیشم مہم کے تحت تلگودیشم دورحکومت کے کارناموں اور عوامی خدمات کی تفصیلات پر مشتمل پمفلیٹس تیار کئے جارہے ہیں۔ر