کھمم میں شادی کی تقریب سانحہ میں تبدیل ہوگئی

   

نوشہ کے والد کے بشمول چار افراد فوت، 100 سے زائد مہمان کورونا وائرس سے متاثر
حیدرآباد: کھمم ضلع میں کورونا قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شادی کی تقریب 4 افراد کی موت کا باعث بن گئی اور 100 سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ کھمم ضلع کے قبائلی علاقہ میں متیال گوڑم موضع میں 14 مئی کو شادی کی تقریب منعقد ہوئی تھی جو کورونا کے پھیلاؤ کا سبب بن گئی جس کے نتیجہ میں دولہے کے والد بشمول چار افراد کی موت واقع ہوئی جبکہ 100 سے زائد وائرس سے متاثر ہوئے۔ شادی کی تقریب میں 250 سے زائد افراد نے شرکت کی تھی ۔ تقریب میں کووڈ قواعد کی پابندی نہیں کی گئی ۔ کسی بھی شخص نے ماسک اور سماجی فاصلہ کو برقرار نہیں رکھا تھا ۔ تقریب کے بعد کئی افراد کی طبیعت بگڑ گئی اور دولہے کے والد کے بشمول چار افراد فوت ہوگئے ۔ حکام نے شادی میں شریک افراد کا کورونا ٹسٹ کیا جس میں 100 سے زائد کا نتیجہ پازیٹیو رہا ۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ کووڈ قواعدکی خلاف ورزی کے نتیجہ میں یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ کئی افراد ایسے ہیں جن کی وجہ سے گھر کے دیگر افراد میں وائرس منتقل ہوا ۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے موضع میں کورونا معائنوں اور علاج کے سلسلہ میں خصوصی توجہ مرکوز کی ہے۔ تمام ایسے افراد جو شادی میں شریک تھے ، ان سے خواہش کی گئی کہ وہ اپنے طورپر کورونا کا ٹسٹ کرائیں۔ حکام کی جانب سے ایسے افر اد کی نشاندہی شروع کردی گئی ہے۔ واضح رہے کہ نظام آباد ضلع میں اپریل میں شادی کی تقریب کے بعد 87 افراد کورونا سے متاثر ہوئے تھے۔