حیدرآباد 25 ڈسمبر (سیاست نیوز) شہر نواحی علاقوں میں صبح کی اولین ساعتوں میں کہر کی گہری چادر کے نتیجہ میں 12 پروازوں کو جو کہ شمس آباد ائیر پورٹ پر اتاری جانی تھیں دیگر ائیرپورٹس کی سمت موڑ دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بنگلورو‘ چینائی ‘ ناگپور و دیگر ائیرپورٹس کو جو پروازیں موڑی گئی ان میں بین الاقوامی و اندرون ملک پروازیں بھی شامل ہیں۔ راجیو گاندھی ائیر پورٹ پر کہر کی گہری چادر کے سبب جو پروازیں نہیں اتاری جاسکیں ان میں مسقط ۔ حیدرآباد عمان ائیر کو بنگلورو موڑ دیا گیا جبکہ ممبئی سے آئی پرواز کو ناگپور روانہ کردیا گیا۔ چینائی سے حیدرآباد آئی پرواز کو بھی لینڈنگ میں دشواریوں کے پیش نظر ناگپور موڑدیا گیا۔ ممبئی سے حیدرآباد کیلئے آئی وستارا ائیر لائنس کی پرواز کو کہر کے سبب واپس ممبئی روانہ کردیا گیا جبکہ دوحہ قطر سے حیدرآباد پہنچنے والی پرواز کو ناگپور روانہ کردیا گیا ۔ بنگلورو سے حیدرآباد آئی پرواز کو بھی واپس بنگلورو روانہ کردیا گیا جبکہ گوا سے حیدرآباد پہنچنے والی پرواز کو لینڈنگ میں مشکلات کے سبب بنگلورو بھیج دیا گیا۔دمام سے حیدرآباد آئی پرواز کو ناگپور روانہ کیاگیا جبکہ چندی گڑھ سے حیدرآباد آئی پرواز کو بنگلورو روانہ کردیا گیا۔بنگلورو سے حیدرآباد پہنچنے والی ایک اورپرواز کو وجئے واڑہ روانہ کیا گیا جبکہ بنگلورو سے حیدرآباد پہنچنے والی ائیر انڈیا کی پرواز کو واپس بنگلورو روانہ کردیا گیا اور ریاض سے حیدرآباد آنے والی پرواز کو بھی بنگلورو روانہ کردیا گیا۔شمس آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ سے درجن سے زائد پروازو ں کو ملک کے دیگر ائیر پورٹس روانہ کئے جانے کے سبب مسافرین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ علاوہ ازیں شمس آباد ائیر پورٹ سے روانہ ہونے والی پروازوں میں بھی تاخیر کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔م