فی لیٹر 15 روپئے تک کے اضافہ کے اندیشے ۔ کچھ شہروں میں پمپس پر ’ نو فیول ‘ کے بورڈز
نئی دہلی 14 مئی ( ایجنسیز ) کیا آج ملک بھر میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا ؟ ۔ کئی گوشوں سے یہ اندیشے ظاہر کئے جا رہے ہیں کہ آج 15 مئی کو تیل مارکٹنگ کمپنیوں کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا جاسکتا ہے ۔ یہ اضافہ کوئی معمول کا اضافہ بھی نہیں ہوگا بلکہ بھاری اضافہ ہوسکتا ہے ۔ کہا جا رہا ہے کہ فی لیٹر کم از کم 15 روپئے تک کا اضافہ ہوسکتا ہے جس کے بعد ملک کی مختلف ریاستوں میں عوام کی طویل قطاریں پٹرول پمپس پر دیکھی گئیں ۔ عوام زیادہ سے زیادہ پٹرول اورڈیزل حاصل کرنے کیلئے پمپس پر قطاروں میں کھڑے رہے ۔ کچھ ریاستوں میں پٹرول پمپس پر نو فیول کے بورڈز بھی آویزاں دیکھے گئے ۔ خاص طور پر راجستھان کے شہر الور اور ماہی ساگر میںکئی پمپس بند رہے اور ان پر نو فیول کے بورڈ دیکھے گئے ۔ اسی طرح گجرات کے سورت اور اترپردیش کے کانپور میں بھی پٹرول پمپس پر گاہکوں کی طویل قطاریں دیکھی گئیں۔ یہ اندیشے ظاہر کئے جا رہے ہیں کہ عامی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد ملک میں بھی تیل مارکٹنگ کمپنیوں کی جانب سے فیول کی قیمتوں میں اضافہ کیا جاسکتا ہے ۔ حکومت کی سطح پر بھی وقفہ وقفہ سے اس طرح کے اشارے دئے جا رہے ہیں کہ فیول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا بوجھ صارفین پر منتقل کیا جاسکتا ہے ۔ حکومت کا کہنا ہے کہ تیل مارکٹنگ کمپنیوں کو پٹرول اور ڈیزل کی فروخت سے یومیہ ایک ہزار کروڑ روپئے تک کا نقصان ہورہا ہے ۔ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ تیل مارکٹنگ کمپنیوں کے نقصان اور خسارہ کو کم کرنے کیلئے قیمتوں میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ تاہم حکومت نے ابھی یہ واضح نہیں کیا ہے کہ فیول کی قیمتوں میں اضافہ کب کیا جائے گا ۔