کیا تم ابھی تک نہیں مرے؟ تحصیلدار کا کسان پر شرمناک طنز

   

کے ٹی آر نے شدید برہمی کا اظہار کیا گجویل تحصیلدار کو فوری معطل کرنے کا مطالبہ کیا
حیدرآباد ۔10 اکٹوبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے ضلع سدی پیٹ میں واقع گجویل تحصیلدار دفتر میں حصول انصاف کیلئے پہنچنے والے ایک کسان کے ساتھ تحصیلدار کے غیرانسانی اور توہین آمیز رویہ پر عوام میں سخت برہمی دیکھی جارہی ہے۔ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے گجویل تحصیلدار کے طنزیہ ریمارکس کی سخت مذمت کی ہے۔ اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوجانے پر کے ٹی آر نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپنی زرعی اراضی اور ذریعہ معاش کے تحفظ کی خاطر تحصیلدار دفتر کے چکر لگانے والے کسان سے ایک ذمہ دار آفیسر کا یہ پوچھنا کہ ’’کیا تم ابھی تک مرے نہیں؟ کیا کیڑے مار دوا پی کر تمہاری موت نہیں ہوئی؟ انتہا درجہ کی بے حسی اور سنگدلی کا ثبوت ہے۔ کے ٹی آر نے تحصیلدار کے اس ظالمانہ رویہ کو شرمناک اور ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ جن آفیسر کی بنیادی ذمہ داری کسانوں کی مشکلات کو حل کرنا اور انہیں راحت پہنچانا ہونی چاہئے وہی ان کے مشکلات کا مذاق اڑا رہا ہے۔ کسی انسان کے ساتھ اتنا غیراسنانی سلوک کرنا ظاہر کرتا ہے کہ عہدیدار ذہنی طور پر کتنا سنگدل اور بے حس ہوچکا ہے۔ کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے بلند بانگ دعوے کرنے والی حکومت کو گراس روٹ لیول پر خوراک کی فراہمی یقینی بنانے والے کسانوں کی تذلیل اور توہین کی پوری ذمہ داری قبول کرنی چاہئے۔ کے ٹی آر نے اس واقعہ کا سخت نوٹ لیتے ہوئے ریاست کے چیف سکریٹری سے فوری مداخلت کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسانوں کی عزت نفس کو مجروح کرنے والے کسی بھی عہدیدار کو ہرگز بخشا نہیں جانا چاہئے۔ کے ٹی آر نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ اس تحصیلدار کے خلاف فوری طور پر سخت تادیبی کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں کوئی بھی عہدیدار کسانوں کی تحقیر کرنے کی ہمت نہ کرسکے۔H/M/2