محبوبہ مفتی کی دخترالتجا مفتی کا طنزیہ ٹویٹ
سری نگر۔پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی صاحبزادی التجا مفتی نے طنزیہ انداز میں کہا ہے کہ کیا چینی باشندوں کو بھی جموں وکشمیر میں ڈومیسائل حقوق کے لئے درخواستیں جمع کرنا ہوں گی یا انہیں یہ اب خود بخود مل جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ڈیموگرافی تبدیل ہونے کے ہمارے خدشات کو اب ایک نئی جہت مل گئی ہے ۔ انہوںنے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ کیونکہ حکومت ہند کے گلوان وادی میں چین کے داخل نہ ہونے کے دعوے سے حقیقی کنٹرول لائن دوبارہ کھینچی گئی ہے ۔ ڈیموگرافی کے تبدیل ہونے کے بارے میں ہمارے خدشات کو نئی جہت مل گئی ہے ‘۔قبل ازیں انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ جموں وکشمیر میں زمین پر قبضہ کرنے اور مقامی لوگوں کو بے اختیار بنانے کے لئے دفعہ 370 کو غیر قانونی طور پر منسوخ کیا گیا۔ آج چین نے گلوان وادی پر قبضہ کیا ہے اور حکومت ہند اس کو تسلیم کرنے سے انکار کر رہی ہے ۔ کیا جموں وکشمیر کے چین کو تحفہ میں دینے کے لئے ہی ٹکڑے کئے گئے تھے ۔واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے گذشتہ برس پانچ اگست کو جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن کا خاتمہ کرنے کے علاوہ خطہ لداخ کو اس سے الگ کر کے ایک یونین ٹریٹری بنایا تھا۔اس کے بعد سے حکومت اور مقامی جماعتوں میں تنقیدوں کا سلسلہ جاری ہے ۔