ترواننتپورم، 9 نومبر (آئی اے این ایس) ریاست کرناٹک میں پٹرول کے اندر ایتھنول کی مقررہ مقدار سے زیادہ آمیزش کی اطلاعات کے بعد کیرالا حکومت نے بھی ریاست کے 4 اضلاع میں پٹرول پمپوں سے نمونے حاصل کرکے ان کی جانچ شروع کردی ہے۔ پیر کی صبح ترواننتپورم، ارناکولم، کوڑیکوڈ اورکنور اضلاع کے مختلف پٹرول پمپوں پر معائنہ کیا گیا۔ اس کارروائی کے دوران تیل کمپنیوں کے نمائندوں کی موجودگی میں پٹرول کے 6 نمونے جمع کیے گئے۔ ریاست کے وزیر برائے خوراک و شہری رسد انوپ جیکب نے کہا کہ اس جانچ کا مقصد پٹرول کے معیار سے متعلق عوام میں پائی جانے والی تشویش کو دورکرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ معائنہ کسی پہلے سے قائم رائے یا نتیجے کی بنیاد پر نہیں کیا جارہا ہے۔ تاہم اگر پٹرول میں ایتھنول کی مقدار مقررہ حد سے زیادہ پائی گئی تو حکومت قانونی کارروائی شروع کرے گی۔ یہ اقدام کرناٹک حکومت کی جانب سے کی گئی ایک جانچ کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں مبینہ طور پر پٹرول کے نمونوں میں ایتھنول کی مقدار31 فیصد تک پائی گئی تھی۔ اس انکشاف کے بعد تنازعہ پیدا ہوگیا تھا۔ مرکزی حکومت اور تیل کمپنیوں نے ان نتائج کو مسترد کرتے ہوئے جانچ کے لیے اختیارکیے گئے سائنسی طریقہ کار پر سوالات اٹھائے تھے۔کرناٹک میں پیش آنے والی ان پیش رفتوں کے بعد کیرالا کے چیف منسٹر وی ڈی ستھیسن نے انوپ جیکب سے بات چیت کی اور ریاست میں بھی اسی طرح کی جانچ کروانے کا فیصلہ کیا۔ چار اضلاع سے حاصل کیے گئے پٹرول کے 6 نمونے جانچ کے لیے بھیجے جائیں گے۔ ان کے نتائج موصول ہونے کے بعد آئندہ کی کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔