نئی دہلی۔ 3۔جون (یو این آئی) کیرالہ میں اگلے 24 گھنٹے میں جنوب مغربی مانسون کے دستک دینے کے آثار ہیں۔ محکمہ موسمیات نے آج یہ معلومات دی ہے ۔محکمہ موسمیات نے مانسون کی پیش رفت اور ملک بھر کے موسم کے حوالے سے تفصیلی پریس ریلیز میں بتایا ہے کہ اس وقت جنوب مغربی مانسون کے جنوب مغربی اور جنوب مشرقی بحیرہ عرب، لکشدیپ، کیرالہ، تمل ناڈو اور خلیج بنگال کے کچھ اور حصوں میں آگے بڑھنے کے لیے حالات پوری طرح سازگار بنے ہوئے ہیں۔ اس کے اثر سے اگلے چھ سے سات دنوں کے دوران کیرالہ میں مختلف مقامات پر انتہائی تیز بارش (7سے 20 سنٹی میٹر تک) ہونے کا قوی امکان ہے ۔ اس کے علاوہ تمل ناڈو اور کرناٹک کے کچھ حصوں میں بھی بھاری بارش کی وارننگ جاری کی گئی ہے ۔ محکمہ نے خبردار کیا ہے کہ اس ہفتے شمال مغربی، وسطی، مشرقی اور جنوبی جزیرہ نما ہندوستان کے کئی حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بجلی گرنے اور 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کے آثار ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹے میں انڈمان اور نکوبار جزائر اور شمالی اندرونی کرناٹک میں بہت بھاری بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ وسطی مہاراشٹرا، آسام، میگھالیہ، تمل ناڈو، کیرالہ اور تلنگانہ میں بھاری بارش ہوئی۔ اس کے ساتھ ہی اتراکھنڈ اور مغربی مدھیہ پردیش میں 70 سے 95 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کے ساتھ آندھی اور طوفان آیا۔ جموں و کشمیر، انڈمان نکوبار، اوڈیشہ، چھتیس گڑھ، مہاراشٹرا، گجرات اور تمل ناڈو میں ہوا کی رفتار 50 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی، جبکہ مغربی بنگال، بہار، ہماچل پردیش اور سوراشٹرا میں 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں۔ اس دوران مغربی مدھیہ پردیش میں ژالہ باری ہوئی، جبکہ مغربی راجستھان میں دھول بھری آندھی آئی۔