سرکاری دواخانوں میں بہتر علاج پر حکومت کی توجہ، جاریہ سال9 نئے میڈیکل کالجس: ہریش راؤ
حیدرآباد۔/16 اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں کینسر کے علاج کیلئے عصری سوپر اسپیشالیٹی سہولتوں کی فراہمی کی مساعی کرتے ہوئے وزیر صحت ہریش راؤ نے آج مہدی نواز جنگ کینسر ہاسپٹل حیدرآباد میں کینسر کیئر بلاک کا افتتاح کیا۔ حکومت نے آروبندوفارما کے اشتراک سے یہ عصری سہولتیں فراہم کی ہیں۔ آٹھ منزلہ 300 بستروں پر مشتمل نیا کینسر کیئر بلاک 2.32 لاکھ مربع فیٹ پر محیط ہے جسے آروبند فارما فاؤنڈیشن نے 80 کروڑ روپئے سے ترقی دی ہے۔ وزیر صحت ہریش راؤ نے مرکزی وزیر سیاحت و کلچر جی کشن ریڈی کے ہمراہ نئے بلاک کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ نئے بلاک کے افتتاح سے کینسر ہاسپٹل میں بستروں کی تعداد بڑھ کر 750 ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے ایم این جے کینسر ہاسپٹل کی ترقی پر 60 کروڑ روپئے خرچ کئے ہیں۔ انہوں نے نئے بلاک کی ترقی میں تعاون پر آروبندوفارما کمپنی سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ نئے بلاک میں خواتین اور بچوں کیلئے علحدہ شعبہ جات رہیں گے۔ ایسے بچے جو علاج کے دوران تعلیم جاری رکھنا چاہتے ہیں ان کیلئے ٹیچر اور لائبریری کا انتظام کیا گیا ہے۔ بون نیرو ٹرانسپلانٹ اور دیگر عصری علاج کیلئے سہولتیں حاصل رہیں گی جس پر 10 لاکھ روپئے تک کا خرچ آسکتا ہے لیکن یہ علاج غریبوں کو آروگیہ شری اسکیم کے تحت کیا جائے گا اور انہیں ادویات بھی زندگی بھر مفت فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے عصری سوپر اسپیشالیٹی سہولتوں کی فراہمی پر توجہ نہیں دی۔ چیف منسٹر کے سی آر نے سرکاری دواخانوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ عصری علاج کو یقینی بنایا ہے۔ آنے والے برسوں میں مریضوں کو سرکاری دواخانوں میں 10 ہزار سوپر اسپیشالیٹی بستر دستیاب رہیں گے۔ کینسر ہاسپٹل کے علاوہ نمس، عثمانیہ اور گاندھی میں یہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ر