کے سی آر اور جگن کی آج ملاقات پانی کے تقسیم پر بات چیت

,

   

حیدرآباد۔22ستمبر(سیاست نیوز) دونوں تلگو ریاست کے وزرائے اعلی کی حیدرآباد میں پیر کو ملاقات ہوگی۔ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی چیف منسٹر آندھرا پردیش پرگتی بھون میں ملاقات کے دوران گوداوری کے پانی کی تقسیم اور اسے سری سیلم تک پہنچانے کے سلسلہ میں اب تک کے اقدامات پر مشاورت کریں گے ۔ سابق میں کالیشورم پراجکٹ کے افتتاح کے بعد ریاستی حکومت کے اقدامات سے متاثر پڑوسی ریاست آندھرا پردیش کے چیف منسٹر مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے ریاست آندھرا پردیش کے محکمہ آبپاشی اور دیگر متعلقہ عہدیداروں کے ہمراہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی تھی اور کہا جا رہاہے کہ اب ان ہی ملاقاتوں میں پیشرفت کے سلسلہ میں یہ ملاقات ہوگی اور اجلاس کے دوران دونوں ریاستوں کے عہدیدار بھی موجود رہیں گے۔ ریاست تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میںکالیشورم پراجکٹ کے ذریعہ پانی کی سربراہی میں ہونے والی کامیابی کے بعد حکومت آندھرا پردیش بھی آبپاشی کے شعبہ میں تلنگانہ کی مدد کے ساتھ ترقی کی منزلیں طئے کرنے کی حکمت عملی تیار کر رہی ہے۔

تعلیم میں تلنگانہ ہنوز پسماندہ : کے ٹی آر
حیدرآباد 22؍ ستمبر ( سیاست نیوز)وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے سی اے جی رپورٹ پر قانون کونسل میں خطاب کے دوران کہا کہ ریاستی کی حکومت کی آمدنی میں 24,259 کروڑ روپئے کی کمی ہوئی اور تعلیم کے شعبہ میں ریاست بدستور پسماندہ ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ریاستی حکومت عام طور پر قرضوں پر بہت زیادہ انحصار کر رہی ہے ‘ ریاست میں قرضوں کی باز ادائیگی کی ذمہ داری میں اضافہ ہوا ہے ۔ رواں مالیاتی سال مصارف میں کمی کی گئی ہے ۔