ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن اور ڈائرکٹر پبلک ہیلت کے عہدوں پر عارضی انتظامات
حیدرآباد ۔22۔ڈسمبر (سیاست نیوز) حکومت نے سابق کے سی آر حکومت کے دور میں محکمہ صحت کے دو اہم عہدوں پر طویل عرصہ تک خدمات انجام دینے والے دو عہدیداروں کو تبدیل کردیا ہے ۔ ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر کے رمیش ریڈی اور ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر جی سرینواس راؤ کا تبادلہ کرتے ہوئے ان کی جگہ علی الترتیب ڈاکٹر بی تریوینی اور ڈاکٹر رویندر نائک کو مامور کیا ہے۔ کے سی آر دور حکومت میں سینئر عہدیداروں نے شکایت کی تھی کہ دونوں اہم عہدوں پر جونیئر عہدیداروں کو مقرر کیا گیا ۔ کے سی آر نے سینئر عہدیداروں کی شکایت اور ناراضگی کی کوئی پرواہ نہیں کی تھی ۔ ڈاکٹر سرینواس راؤ نے ایک مرحلہ پر کے سی آر کی قدم بوسی کی اور اسمبلی چناؤ میں حصہ لینے کا اعلان کیا تھا ۔ انہوں نے بی آر ایس کے ٹکٹ پر مقابلہ کیلئے اسمبلی حلقہ کا تعین کرلیا تھا لیکن کے سی آر نے ٹکٹ نہیں دیا۔ حکومت کی تبدیلی کے ساتھ ہی دونوں عہدیداروں کی تبدیلی یقینی ہوچکی تھی۔ ایڈیشنل ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر بی تروینی کو انچارج ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن مقرر کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر رویندر نائک ایڈیشنل ڈائرکٹر لیپریسی کو انچارج ڈائرکٹر پبلک ہیلت اینڈ فیملی ویلفیر مقرر کیا گیا ۔ دونوں عہدیدار آئندہ احکامات تک برقرار رہیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ مستقل عہدیداروں کے تقرر تک انچارج انتظامات برقرار رہیں گے۔ رمیش ریڈی کے تقرر کے خلاف ہائی کورٹ میں مقدمہ زیر دوران ہے اور حکومت نے عہدیداروں کی سینیاریٹی لسٹ جاری کی ہے۔ ر