حیدرآباد۔/10 جنوری، ( سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے بی جے پی سے سوال کیا ہے کہ آخر کے سی آر کو جیل کب بھیجا جائے گا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ ریاستی صدر بنڈی سنجے اور بی جے پی کے قومی قائدین وقفہ وقفہ سے حیدرآباد میں کے سی آر کو بدعنوانیوں کے تحت جیل بھیجنے کے اعلانات کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ یہ ہوائی بیان بازی اور اعلانات کب تک جاری رہیں گے۔ کے سی آر کو بدعنوانیوں کے الزامات کے تحت آخر کب جیل بھیجا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے دستوری ترمیمات 73 اور 74 کے تحت پنچایت راج اداروں کو فنڈز کی فراہمی یقینی بنائی تھی۔ کے سی آر حکومت نے مرکز کی جانب سے جاری کردہ فنڈز کو ریاستی اسکیمات کیلئے منتقل کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی مرکزی حکومت نے مرکزی فنڈز کی منتقلی کے بارے میں کے سی آر سے کوئی سوال نہیں کیا ہے۔ مرکز کو چاہیئے کہ اس معاملہ کی جانچ کرے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ ناگرکرنول میں بی آر ایس قائدین کی جانب سے کانگریس کے ایس سی، ایس ٹی طبقہ سے تعلق رکھنے والے قائدین پر حملہ قابل مذمت ہے۔ ہنمنت راؤ 17 جنوری کو ناگر کرنول کا دورہ کریں گے اور احتجاج میں حصہ لیں گے۔ر