کالیشورم پراجکٹ کے سی آر کیلئے اے ٹی ایم ، آئندہ حکومت بی جے پی کی ہوگی، مہنگائی کیلئے کے سی آر ذمہ دار، منو گوڑو میں انتخابی مہم کا آغاز
حیدرآباد۔/21 اگسٹ، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج منوگوڑو میں ایک بڑے جلسہ عام کے ذریعہ پارٹی کی انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر کے جلسہ عام کے دوسرے دن امیت شاہ نے منوگوڑو میں کے سی آر خاندان کی حکمرانی کے خاتمہ کیلئے عوام سے تیار رہنے کی اپیل کے ساتھ ضمنی چناؤ کی مہم چھیڑ دی۔ کانگریس سے استعفی دینے والے کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی نے بی جے پی میں باقاعدہ شمولیت اختیار کرلی۔ امیت شاہ نے عوام کے استقبال کے دوران راجگوپال ریڈی کو پارٹی کھنڈوا پہنایا اور بی جے پی میں استقبال کیا۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے امیت شاہ نے کے سی آر اور ان کے افراد خاندان پر کرپشن کے سنگین الزامات عائد کئے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر ان کے فرزند، دختر اور داماد عہدوں پر فائز رہیں تو ہمیں کوئی تکلیف نہیں ہے لیکن کے سی آر خاندان کی حکمرانی کے سبب عوام کیوں پریشان رہیں۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کے سی آر خاندان کیلئے اے ٹی ایم میں تبدیل ہوچکا ہے۔ امیت شاہ نے منوگوڑو کے عوام کو یقین دلایا کہ راجگوپال ریڈی کی کامیابی کی صورت میں نریندر مودی حکومت حلقہ کی ترقی کے اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ راجگوپال ریڈی کی بی جے پی میں شمولیت کے سی آر کے زوال کا آغاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک قائد کی شمولیت نہیں بلکہ آنے والے دنوں میں کے سی آر حکومت کے خاتمہ کی شروعات ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام راجگوپال ریڈی کو کامیاب کریں تو کے سی آر حکومت زوال پذیر ہوگی اور تلنگانہ میں بی جے پی حکومت کا قیام یقینی ہے۔ امیت شاہ نے کہا کہ مجلس سے خوفزدہ ہوکر کے سی آر حکومت نے انضمام حیدرآباد تقاریب کو سرکاری طور پر منانے سے گریز کیا ہے۔ بی جے پی برسراقتدار آنے پر ہر سال 17 ستمبر کو یوم انضمام سرکاری طور پر منایا جائے گا۔ انہوں نے ٹی آر ایس کے برسر اقتدار آنے پر بیروزگار نوجوانوں کو 3 ہزار روپئے الاؤنس سے متعلق کے سی آر کے وعدہ پر سوال اٹھایا اور عوام سے پوچھا کہ کیا انہیں الاؤنس مل رہا ہے۔ ہر ضلع میں ایک سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل کا وعدہ پورا نہیں ہوا۔ غریبوں کو ڈبل بیڈ روم مکانات آج تک نہیں دیئے گئے۔ مرکز کی جانب سے تعمیر کئے گئے بیت الخلاؤں کی راہ میں ٹی آر ایس حکومت رکاوٹ پیدا کررہی ہے۔ کے سی آر نے دلت کو چیف منسٹر بنانے کا وعدہ کیا تھا لیکن خود چیف منسٹر بن بیٹھے۔ امیت شاہ نے کہا کہ ٹی آر ایس کے دوبارہ برسراقتدار آنے کی صورت میں کے ٹی آر کو چیف منسٹر بنائیں گے اور دلت پھر ایک بار نظرانداز ہوجائیں گے۔ حضورآباد میں راجندر کو ہرانے کیلئے دلت بندھو اسکیم کا اعلان کیا گیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ ابھی تک کتنے دلت خاندانوں کو فی کس 10 لاکھ روپئے حاصل ہوئے ہیں۔دلتوں کو 3 ایکر اراضی اور گریجن طبقات کو کاشت کیلئے اراضی فراہم کرنے کا وعدہ بھی پورا نہیں ہوا۔ر