کے سی آر کے مجوزہ وفاقی محاذ کی قومی سطح پر پیشرفت : کویتا

   

حیدرآباد ۔ 19 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ راشٹرا سمیتی رکن پارلیمنٹ نظام آباد کے کویتا نے آج کہا کہ ان کے والد اور چیف منسٹر تلنگانہ صدر ٹی آر ایس کے چندر شیکھر راؤ کے مجوزہ وفاقی محاذ کی قومی سطح پر پیشرفت ہورہی ہے اور کے سی آر کی قیادت میں ٹی آر ایس قومی سطح پر اہم رول ادا کرے گی ۔ تلنگانہ جاگروتی انٹرنیشنل یوتھ لیڈر شپ کانفرنس کے موقع پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر ٹی آر ایس نے کہا ہے کہ ہندوستان کو ایک متبادل قوت کی ضرورت ہے ۔ بی جے پی اور نہ ہی کانگریس اس ملک کو چلانے کے قابل نہیں ہیں ۔ عوام نے ان دونوں پارٹیوں کو ملک چلانے کا کافی موقع دیا ہے لیکن یہ پارٹیاں ملک کی ترقی میں ناکام رہی ہیں ۔ عوام کے دئیے گئے موقع سے کانگریس اور بی جے پی نے استفادہ نہیں کیا ۔ اس تناظر میں ہندوستانی سیاست میں تبدیلی کی ضرورت ہے اور بلاشبہ ٹی آر ایس ہی قومی سطح پر بڑا رول ادا کرے گی ۔ کے سی آر کا مجوزہ وفاقی محاذ حتمی شکل اختیار کررہا ہے ۔ کے سی آر کا یہ وفاقی محاذ ایک مضبوط ایجنڈہ ہے ۔ اس سے عوامی زندگی میں تبدیلی آئے گی اور قوم کے لیے یہ ایجنڈہ کارگر ثابت ہوگا ۔ کولکتہ میں ترنمول کانگریس کی جانب سے منعقد کردہ میگا اپوزیشن ریالی کے بارے میں سوال پر کویتا نے کہا کہ ٹی آر ایس نے اس ریالی سے دور رہنے کا فیصلہ کیا ہے کیوں کہ تلنگانہ اسمبلی سیشن جاری ہے ۔۔