کے سی آر کے سیاسی حریف پرتاپ ریڈی کی آج ٹی آر ایس میں شمولیت

   

حیدرآباد۔ 17 جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو ریاست میں اپنے سیاسی حریفوں کو حلیف بنانے میں مصروف ہیں۔ دیگر پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی کو راغب کرنے کے علاوہ انہو ںنے گجویل میں اپنے کٹر حریف کو آخرکار ٹی آر میں شمولیت کے لیے راضی کرلیا ہے۔ 2014ء اور 2018ء میں گجویل اسمبلی حلقے سے مقابلہ کرتے ہوئے کے سی آر کے لیے چیلنج کھڑا کرنے والے وی پرتاپ ریڈی 18 جنوری کو ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کریں گے۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ کے سی آر کی موجودگی میں پرتاپ ریڈی 4 بجے سہ پہر اپنے حامیوں کے ہمراہ ٹی آر ایس میں شامل ہوجائیں گے۔ 2014ء میں تلگودیشم اور 2018ء میں عوامی اتحاد کے امیدوار کی حیثیت سے پرتاپ ریڈی نے مقابلہ کیا تھا۔ دونوں مواقع پر انہوں نے کے سی آر کی کامیابی کی اکثریت میں کمی کردی تھی۔ پرتاپ ریڈی مقامی عوام میں کافی مقبول ہیں اور ان کی فلاحی خدمات کے نتیجہ میں کے سی آر نے گجویل سے اپنے سیاسی حریف کو مستقل طور پر ہٹانے کے لیے انہیں پارٹی میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔ پرتاپ ریڈی کی شمولیت سے گجویل میں اب کوئی بھی مخالف کے سی آر مضبوط قائد باقی نہیں رہا۔ بتایا جاتا ہے کہ پرتاپ ریڈی کو قانون ساز کونسل کی رکنیت کا پیشکش کیا گیا ہے۔