حضور آباد کے پروگرام میں عدم شرکت پر سوال، راجہ سنگھ سے زعفرانی رنگ پر دلچسپ مکالمہ
حیدرآباد 3 فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی میں آج وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ٹی راما راؤ اور بی جے پی رکن ایٹالہ راجندر سارے ایوان کی توجہ کا مرکز تھے۔ گورنر کی آمد سے قبل کے ٹی آر اپوزیشن ارکان کی نشستوں کی طرف بڑھے اور اُن سے خیرسگالی ملاقات کی۔ اُنھوں نے کانگریس، بی جے پی اور مجلس کے ارکان کی نشستوں کے پاس پہونچ کر ملاقات کی۔ بی جے پی رکن ایٹالہ راجندر کے پاس کے ٹی آر کافی دیر تک کھڑے رہے اور دونوں میں سنجیدگی سے گفتگو جاری تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ کے ٹی آر نے اُن کے حالیہ دورۂ حضورآبادکے موقع پر سرکاری تقاریب میں عدم شرکت کے بارے میں راجندر سے سوال کیا۔ راجندر نے کہاکہ اگر مدعو کیا جاتا تو وہ ضرور شرکت کرتے، بلایا نہیں گیا اِسی لئے وہ پروگرام میں شریک نہ ہوسکے۔ راجندر نے سرکاری پروگراموں میں اپوزیشن کو مدعو نہ کرنے کی شکایت کی اور اس سلسلہ میں عہدیداروں کے رویہ پر اعتراض جتایا۔ دونوں کی بات چیت جاری تھی کہ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا وہاں پہونچ گئے۔ اُنھوں نے عہدیداروں کی جانب سے سرکاری تقاریب میں مدعو نہ کرنے کی شکایت کی۔ راجندر نے کہاکہ کم از کم ضلع کلکٹر کو یہ ذمہ داری لینی چاہئے۔ بی جے پی کے رکن رگھونندن راؤ نے بھی حکام کی شکایت کی۔ بی جے پی ارکان کی شکایات پر کے ٹی آر نے سنجیدگی سے سماعت کی۔ کے ٹی آر اور بی جے پی کے معطل رکن راجہ سنگھ کی بات چیت بھی ایوان میں توجہ کا مرکز رہی۔راجہ سنگھ زعفرانی شرٹ پہن کر آئے تھے جس پر کے ٹی آر نے کہاکہ اُن کے شرٹ کا رنگ آنکھوں میں چبھ رہا ہے اور یہ رنگ مجھے پسند نہیں جس پر راجہ سنگھ نے کہاکہ ہوسکتا ہے کہ مستقبل میں آپ بھی زعفرانی رنگ پہننے لگ جائیں۔ دونوں کے درمیان بات چیت جاری تھی کہ گورنر ایوان میں پہونچ گئیں۔ بی آر ایس کے رکن وینکٹ ویریا نے گورنر کی آمد کی اطلاع کے ٹی آر کو دی جس کے ساتھ ہی وہ تیزی سے اپنی نشست پر واپس ہوگئے۔ قبل ازیں ڈپٹی اسپیکر پدما راؤ نے بھی ایٹالہ راجندر سے ملاقات کی اور بات چیت کی۔ ر