کے ٹی آر اور ہریش راؤ کی ریاستی وزراء سے خوشگوار ملاقات

   

حیدرآباد 21۔ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی میں کانگریس و بی آر ایس کے درمیان ایک دوسرے پر الزام تراشی اور گرما گرم مباحث کے باوجود خوشگوار لمحات دیکھے گئے۔ کارروائی کے آغاز سے قبل کانگریس و بی آر ایس ارکان ایوان میں پہنچ چکے تھے ۔ سابق وزرا کے ٹی آر ، ہریش راؤ ، جی کملاکر اور پی راجیشور ریڈی اپوزیشن کی نشستوں سے اٹھ کر وزراء کی نشستوں کے پاس پہنچے اور وزراء و کانگریس ارکان سے گرم جوشانہ ملاقات کی۔ کے ٹی آر نے ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا سے بغلگیر ہوکر ہر کسی کو حیرت میں ڈال دیا۔ دونوں نے کچھ دیر گفتگو کی۔ وزیر سریدھر بابو و کانگریس رکن راج گوپال ریڈی سے بھی کے ٹی آر اور ہریش راؤ نے بات کی۔ ہریش راؤ اپنی نشست پر واپس ہوگئے لیکن کارروائی کے آغاز تک کے ٹی آر اور راجیشور ریڈی وزراء کے ساتھ بات کرتے دیکھے گئے۔ دونوں جانب سے ہنسی مذاق اور قہقہ سنائی دیئے ۔