کانگریس ارکان کے نعرے، دو گھٹنے طویل مباحث پر مبارکباد
حیدرآباد۔/20 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں آج اس وقت دلچسپ منظر دیکھا گیا جب سابق وزیر کے ٹی راما راؤ نے اپنے ساتھی اور سابق وزیر ہریش راؤ کو گلے لگالیا۔ حکومت کی جانب سے پیش کردہ وائیٹ پیپر پر ہریش راؤ نے تقریباً دو گھنٹے تک مدلل بحث کرتے ہوئے حکومت کے اعداد و شمار کی نفی کی۔ کے ٹی راما راؤ جو سابق اسپیکر پدما راؤ کے ساتھ عقبی نشست پر تھے بحث کے دوران بار بار ہریش راؤ کے پاس پہنچ کر ان کی مدد کررہے تھے۔ ہریش راؤ کی تقریر کے دوران بی آر ایس ارکان نے بارہا میزیں تھپتھپا کر استقبال کیا۔ ہریش راؤ کی تقریر جیسے ہی ختم ہوئی کے ٹی آر اپنی نشست سے اٹھے اور ہریش راؤ کے پاس پہنچ کر پہلے مصافحہ کیا اور پیٹھ تھپتھپائی، انہوں نے ہریش راؤ کو گلے لگاکر مبارکباد پیش کی۔ جیسے ہی ایوان میں یہ منظر دیکھا گیا کانگریس کے ارکان نے طنزیہ طور پر واہ واہ کے نعرے لگائے، جس پر کے ٹی آر اور ہریش راؤ نے اعتراض کیا اور کہا کہ ایوان میں ایک دوسرے کو مبارکباد دینے میں کیا خرابی ہے۔ بی آر ایس کے کئی ارکان نے ہریش راؤ کے پاس پہنچ کر مبارکباد پیش کی۔ر