ایک کیلو میٹر طویل 6 لائن پر مشتمل فلائی اوور کی تعمیر پر 143 کروڑ روپے کے مصارف
حیدرآباد 26 اکتوبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے گریٹر حیدرآباد کے حدود ناگول میں 143 کروڑ روپے کے مصارف سے تعمیر کردہ 6 لائن پر مشتمل 990 میٹر طویل فلائی اوور کا آج افتتاح کیا۔ اس فلائی اوور کے افتتاح سے اُپل تا ایل بی نگر تک عوام کو ٹریفک مسائل سے چھٹکارا حاصل ہوگا۔ بعد ازاں کے ٹی آر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہر حیدرآباد تیزی سے ترقی کررہا ہے۔ ساتھ ہی شہر کی توسیع کے ساتھ ساتھ آبادی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے اور مستقبل میں شہر کی ضرورتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے تلنگانہ حکومت انفرااسٹرکچر کو فروغ دینے کے لئے بڑے پیمانے پر ترقیاتی و تعمیراتی اقدامات کررہی ہے۔ گریٹر حیدرآباد میں سڑکوں کو ترقی و توسیع دینے اور ٹریفک مسائل کی یکسوئی کے لئے خصوصی منصوبہ بندی تیار کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر فلائی اوورس، لنک روڈس، ریلوے فلائی اوورس، انڈر پاس وغیرہ تعمیر کئے جارہے ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں کئی فلائی اوورس عوام کے لئے دستیاب ہوگئے ہیں، کئی لنک روڈس تعمیر ہوچکے ہیں۔ آئندہ سال مارچ میں مزید 4 پراجکٹس عوام کو دستیاب ہو جائیں گے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ اسمبلی حلقہ ایل بی نگر میں ہزاروں کروڑہا روپے کے ترقیاتی اقدامات کئے گئے ہیں۔ آئندہ 10 دن میں وہ پھر ایک مرتبہ یہاں کا دورہ کریں گے۔ اراضی پٹہ جات کے جو بھی مسائل ہیں اس ان کو کامیاب طریقہ سے حل کرنے کی مقامی عوام کو خوشخبری سنائیں گے۔ آج جس فلائی اوور کا افتتاح کیا گیا ہے وہ تقریباً ایک کیلو میٹر اور 6 لائن پر مشتمل ہے۔ ایل بی نگر کے پاس تعمیر کردہ انڈر پاس سے انر روڈ پر سفر کرنا آسان ہوگیا ہے۔ اس فلائی اوور کے دستیاب ہو جانے سے شمس آباد ایرپورٹ تا آرام گھر۔ ایل بی نگر سے اُپل تک کے علاوہ دوسرے علاقوں میں ٹریفک مسائل کو بڑی حد تک حل کرلیا گیا ہے۔ اس موقع پر مقامی رکن اسمبلی سدھیر ریڈی کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے۔ ن