کے ٹی آر کو تلنگانہ کی باگ ڈور حوالے کرنے کی تجویز

   

بودھن میں رکن اسمبلی شکیل عامر کی اخباری نمائندوں سے بات چیت، کووڈ پر قابو پانے کا یقین

بودھن : شکیل عامر نے کہا کہ ٹی راما راؤ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق ایک قابل اور نوجوان قائد ہیں، حکومت کو چاہیئے کہ ان کی قابلیت سے استفادہ کریں ، انہیں ریاست تلنگانہ کی باگ ڈور حوالے کیا جانا چاہیئے ۔ آج جشن یوم آزادی کے موقع پر انہوں نے اخباری نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں مرض کووڈ۔19 پر چند دنوں میں مکمل قابو پالیا جائے گا ۔ ایم ایل اے نے کہا کہ ملک میں کووڈ مرض سے متاثر ہوکر فوت ہونے والوں کی شرح اموات یہاں تلنگانہ میں سب سے کم ہے ۔ شکیل عامر نے ٹی آر ایس فلور لیڈر بلدیہ بودھن جی پرساد اور سابق وائس چیرمین الحاج محمد ظہیر الدین بابر کی کووڈ مرض سے متاثر ہوکر اموات واقع ہونے پر انہوں نے اظہار افسوس کیا ۔ شکیل عامر نے کہاکہ اگر کسی کو بھی کووڈ۔19 مرض کی علامتیں ظاہر ہوں تو وہ بلاخوف و جھجک قریبی ہیلت سنٹر سے رجوع ہوکر مفت اپنی جانچ کروالیں ، ورنہ تاخیر ہونے پر دشواریوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ شکیل عامر نے کہا کہ بودھن اور ضلع نظام آباد کے سرکاری دواخانوں میں کووڈ ۔19 سے متاثر مریضوں کے علاج و معالجہ کی سہولت درکار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گھبراکر خانگی دواخانوں کا رُخ کرنے سے پرہیز کریں ۔ شکیل عامر نے کے ٹی آر کی سالگرہ کے موقع پر کہا کہ مزید دو عدد ایمبولنس بلدیہ بودھن کی جانب سے بہت جلد دواخانہ کو دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جملہ چار خصوصی ایمبولنس کووڈ مرض سے متاثر ہونے والوں متاثرین کیلئے استعمال کی جائے گی ۔ اس موقع پر چیرمین بلدیہ ٹی پدما وائس چیرمین بلدیہ محمد احتشام سہیل ، ارکان بلدیہ شیخ جاوید ، شریت ریڈی ، سید اشفاق علی ٹی آر ایس قائدین محمد واسع ، گنگا ریڈی ، بی راجیشور ، احمد این آر آئی ، محمد ممتاز و دیگر موجود تھے ۔