کے ٹی آر کے برادر نسبتی کانگریس میں شامل،ریونت ریڈی نے پارٹی میں استقبال کیا

   

حیدرآباد ۔ 19 ۔ اپریل (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ارکان اسمبلی اور دیگر قائدین کی کانگریس میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے لیکن آج بی آر ایس اور بالخصوص ورکنگ پریسیڈینٹ کے ٹی راما راؤ کو اس وقت دھکہ لگا جب ان کے برادر نسبتی نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی ۔ کے ٹی آر کی اہلیہ سری لیما کے بھائی اے راہول راؤ نے آج چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی اور کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی ۔ سابق رکن اسمبلی مینم پلی ہنمنت راؤ کے ہمراہ راہول راؤ نے چیف منسٹر سے ملاقات کی اور شمولیت کا ارادہ ظاہر کیا ۔ ریونت ریڈی نے انہیں پارٹی کا کھنڈوا پہنایا ۔ اس موقع پر کانگریس کے دیگر قائدین بھی موجود تھے ۔ بتایا جاتا ہے کہ راہول راؤ نے کبھی بھی سیاسی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لیا تھا اور وہ کانگریس پارٹی سے اپنی سیاسی اننگز شروع کرنا چاہتے ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے انہیں پارٹی کے استحکام اور ملکاجگری میں کانگریس امیدوار کی کامیابی کے لئے متحرک ہونے کا مشورہ دیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ بی آر ایس دور حکومت میں کے ٹی آر کے برادر نسبتی کو حکومت اور پارٹی میں نمایاں اہمیت حاصل تھی۔ 1