کے ٹی آر مستقبل کے چیف منسٹر ‘ پیشگی مبارکباد

   


ڈپٹی اسپیکر پدما راؤ کا وزیر آئی ٹی کی موجودگی میں دلچسپ ریمارک۔ سب ہنس پڑے
حیدرآباد۔ ڈپٹی اسپیکر اسمبلی پدما راؤ نے کے ٹی آر کو مستقبل کے چیف منسٹر قراردیتے ہوئے ان کی موجودگی میں انہیں مبارکباد پیش کی جس پر سب حیرت زدہ رہ گئے ۔ ٹی آر ایس میں کے ٹی آر کو چیف منسٹر بنانے کی مہم دن بدن زور پکڑتی جارہی ہے۔ ہر دن کوئی نہ کوئی وزراء اور ارکان اسمبلی انہیں چیف منسٹر بنانے کی تائید و حمایت کررہے ہیں ۔ اس مسئلہ پر آج تک چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ یا کے ٹی آر نے کسی ردعمل کا اظہار نہیں کیا ہے نہ سرکاری طور پر اس کو تسلیم کیا ہے اور نہ ہی تردید کی ہے لیکن آج ایک الگ ہی منظر دیکھنے کو ملا ۔ سکندرآباد میں ریلوے ملازمین کے پروگرام میں کے ٹی آر پہنچے جہاں ڈپٹی اسپیکر پدما راؤ گوڑ نے انہیں مستقبل کا چیف منسٹر ہونے کا حوالہ دیا جس پر کے ٹی آر کے ساتھ سب ہنس پڑے۔ ڈپٹی اسپیکر نے کے ٹی آر کو مستقبل کا چیف منسٹر قرار دیتے ہوئے مبارکباد بھی پیش کردی۔ اس موقع پر وزراء سرینواس گوڑ، پی اجئے کمار کے علاوہ دوسرے موجود تھے مگر انہوں نے اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ جب تقریر کرنے کا موقع آیا تو کے ٹی آر نے بھی ریلوے اور ملازمین کی فلاح و بہبود ، تلنگانہ تحریک میں ان کے رول پر روشنی ڈالی لیکن ڈپٹی اسپیکر کے مستقبل کا چیف منسٹر قرار دینے پر کوئی رد عمل کا اظہار نہیں کیا۔ دوسری جانب وزیر سیول سپلائیز گنگولا کملاکر نے بھی کہا کہ کے ٹی آر میں چیف منسٹر بننے کی تمام صلاحیتیں موجود ہیں اور وہ اس کے اہل بھی ہیں یہ ہمارا پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے اور چیف منسٹر کے سی آر اس معاملہ میں جو بھی فیصلہ کریں گے ہم اس کا خیرمقدم کریں گے۔ انہوں نے کے ٹی آر کو چیف منسٹر بنانے کی مہم پر بی جے پی کی تنقیدوں کو مسترد کردیا ۔ وزیر بہبود کے ایشور نے کے ٹی آر کو چیف منسٹر بنانے کی مدافعت کی اور کہا کہ بحیثیت وزیر اور ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کی حیثیت سے کے ٹی آر کی جو خدمات ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں۔ سرکاری و تنظیمی سطح پر کے ٹی آر کی خدمات لاجواب ہیں اور ان میں چیف منسٹر بننے کی تمام صلاحیتیں موجود ہیں ۔ وہ ایک طرف وزراء سے رابطہ میں ہیں تو دوسری طرف ارکان اسمبلی اور پارٹی قائدین سے تال میل برقرار رکھتے ہوئے اہم ادا کررہے ہیں۔