کے ٹی راما راؤ پیراڈائیز ہوٹل میں پارٹی قائدین کے ساتھ بریانی سے لطف اندوز

   

آٹو ڈرائیورس کے دھرنے میں حصہ لینے کے لیے آٹو میں سفر
حیدرآباد۔/5 نومبر، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ آج سکندرآباد کی مشہور پیراڈائیز ہوٹل میں پارٹی قائدین کے ہمراہ حیدرآبادی بریانی سے لطف اندوز ہوئے۔ کے ٹی آر نے آج اندرا پارک پر آٹو ڈرائیورس کی جانب سے منعقدہ دھرنا پروگرام میں شرکت کی۔ دھرنے میں حصہ لینے کیلئے کے ٹی آر آٹو کے ذریعہ اندرا پارک پہنچے تھے۔ ان کے ہمراہ شہر کے ارکان اسمبلی موجود تھے۔ آٹو ڈرائیورس تلنگانہ حکومت سے انتخابی وعدوں کی تکمیل کا مطالبہ کررہے ہیں۔ کانگریس حکومت نے برسر اقتدار آنے پر آٹو ڈرائیورس کو سالانہ 12 ہزار روپئے کی امداد کے علاوہ کئی دوسرے وعدے کئے تھے۔ کے ٹی آر نے آٹو ڈرائیورس کے مطالبات کی تائید کرتے ہوئے پارٹی قائدین کے ہمراہ دھرنے میں اندرا پارک پر حصہ لیا۔ دھرنے سے واپسی کے دوران کے ٹی آر سیدھے سکندرآباد کی پیراڈائیز ہوٹل پہنچے۔ ارکان اسمبلی اور سابق وزراء ان کے ہمراہ تھے اور ان کے پہنچتے ہی ہوٹل انتظامیہ بھی حیرت میں پڑ گیا۔ کے ٹی آر نے ساتھیوں کے ساتھ حیدرآباد کی روایتی بریانی سے لطف اندوز ہوئے۔ کے ٹی آر کی ہوٹل میں آمد پر عوام نے ان سے ملاقات کی اور ساتھ میں سیلفی لی۔ واضح رہے کہ کے ٹی آر اکثر و بیشتر حیدرآبادی بریانی کی تعریف کرتے ہوئے نہیں تھکتے۔1