گاؤں کے مضبوط ہونے سے ملک قوی ہوگا:مودی

,

   

پٹنہ : وزیراعظم نریندر مودی نے پردھان منتری متسیہ سمپدا یوجناکو دیہی علاقوں کو خوشحال بنانے کا منصوبہ بتایا اورکہاکہ گاؤں کے مضبوط ہونے سے ہی ملک مضبوط ہوگا۔مسٹر مودی نے جمعرات کو آن لائن توسط سے بہار سمیت 21ریاستوں میں پردھان منتری متسیہ سمپدا یوجنا کا آغاز کرنے کے بعد بھوجپوری زبان میں اپنے خطاب کا آغاز کرتے ہوئے کہاکہ ‘روا سبھے کے پرنام با۔۔ دیشوا خاطر ۔ ۔ بہار خاطر ۔۔ گاؤں کے زندگی آسان بناوے خاطر آر ویوستھا ٹھیک کرے کے خاطر ڈیر ی آر کرشی سے جڑے سینکڑوں کروڑ کے یوجنا کے لوکار پن بھئل با۔ ایکرا خاطر سونسے بہار کے لوگن کے بدھائی دے تانی ۔وزیراعظم نے کہاکہ آج جتنے بھی منصوبوں کی شروعات ہوئی ہے ان کا ہدف گاؤں کو اتنا مضبوط بنا ناہے کہ وہ 21 ویں صدی کے ہندوستان کی طاقت بن سکیں۔ انہوں نے کہاکہ بلو ریو لیوشن یعنی مچھلی پروری ، وہائٹ ریولیوشن یعنی ڈیری سے منسلک کام اور سوئٹ ریولیوشن یعنی شہد سے منسلک کاموں سے گاؤں کو خوشحال بنانے کا منصوبہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ گاؤں مضبوط بنے گا تو ملک مضبوط بنے گا۔مسٹر مودی نے کہاکہ پردھان منتری متسیہ سمپدا یوجنا کا آغاز ملک کی 21 ریاستوں میں ہواہے ۔ آئندہ چار سے پانچ سال میں اس منصوبہ پر 20 ہزار کروڑ روپے سے زائد خرچ کیاجانا ہے جن میں سے آج 1700 کروڑ روپے کاکام شروع ہورہاہے ۔ انہوں نے اس میں سے بہار کو 294 کروڑ روپے ترقیاتی کاموں کیلئے دی ہے ۔ انہوں نے پٹنہ ، پورنیہ ، سمستی پور ، مدھے پورا اور کشن گنج میں ڈیری اور ماہی گیری سے منسلک کئی منصوبوں کا سنگ بنیاد اور اجرا کیا ۔وزیراعظم نے کہاکہ سمندر اور ندی کنارے علاقوں میں مچھلی کاروبار کو دھیان میں رکھتے ہوئے پہلی بار اتنے وسیع منصوبے بنائے گئے ہیں۔ ماہی پروری اور کاروبار کے شعبہ میں یہ آزادی کے بعد سب سے بڑی سرمایہ کاری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مچھلی سے جڑے کاروبار آگے بڑھانے کیلئے الگ سے وزارت بنائی گئی ہے ۔ ماہی پروروں کو اس سے بہت سہولت ہوگی ۔مسٹر مودی نے کہاکہ ہمارا ہدف ہے کہ آئندہ تین سے چار سالوں میں مچھلی برآمد کو دوگنا کیاجائے ۔ آئندہ تین سے چار سالوں میں اس شعبہ میں روزگار کے مواقع میں کافی اضافہ ہوگا۔