گاندھی بھون میں ریاستی وزیر کونڈا سریکھا نے عوامی مسائل کی سماعت کی

   

راہول گاندھی کی کاسٹ پر بی جے پی کے بیان کی مذمت، سماجی انصاف کیلئے مردم شماری
حیدرآباد۔/6نومبر، ( سیاست نیوز) کانگریس ہیڈکوارٹر گاندھی بھون میں ریاستی وزراء کی جانب سے ہفتہ میں دو دن عوامی سماعت کے شیڈول کے تحت وزیر جنگلات و ماحولیات کونڈا سریکھا نے عوام سے ملاقات کی۔ دوپہر 2 بجے تا شام 5 بجے کونڈا سریکھا نے عوامی شکایات کی سماعت کی اور تحریری یادداشتوں کو قبول کیا۔ انہوں نے بعض اعلیٰ عہدیداروں اور ضلع کلکٹرس سے ربط قائم کرتے ہوئے مسائل کی یکسوئی پر توجہ دلائی۔ مجموعی طور پر 130 درخواستیں داخل کی گئیں جن میں 6 ضمانتوں سے متعلق 30 درخواستیں شامل ہیں۔ مختلف محکمہ جات کی 63 اور دیگر امور کے بارے میں 37 درخواستیں داخل کی گئیں۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کونڈا سریکھا نے کہا کہ عوامی سماعت کا مقصد عوام کے مسائل سے راست طور پر واقفیت حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق بی آر ایس دور حکومت میں وزراء سے عوام کی ملاقات ممکن نہیں تھی جبکہ کانگریس حکومت میں وزراء خود عوام کے درمیان پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنوں کو درپیش مسائل اور انہیں موثر نمائندگی کیلئے وہ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ سے بات چیت کریں گی۔ کونڈا سریکھا نے کہا کہ وہ عوام کے ساتھ ساتھ کارکنوں کے مسائل جاننے کیلئے گاندھی بھون پہنچی ہیں۔ کونڈا سریکھا نے کہا کہ راہول گاندھی نے تمام طبقات کو سماجی انصاف کی فراہمی کیلئے قومی سطح پر مردم شماری کی تجویز پیش کی ہے۔ تلنگانہ نے مردم شماری کا آغاز کرتے ہوئے ملک کیلئے مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طبقاتی مردم شماری میں ریاست تلنگانہ ملک کیلئے رول ماڈل بن چکی ہے۔ انہوں نے بی جے پی فلور لیڈر مہیشور ریڈی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور سوال کیا کہ راہول گاندھی کی کاسٹ سے بی جے پی کو کیا کام ہے؟ ۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کی کاسٹ جاننا ہو تو قومی سطح پر مردم شماری کرائے جائے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی مردم شماری سے خوفزدہ ہے اور قومی سطح پر مردم شماری کے ذریعہ تمام طبقات کو انصاف فراہم کرنا راہول گاندھی کا مقصد ہے۔ انہوں نے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ فرقہ وارانہ سیاست کے ذریعہ سیاسی فائدہ اٹھانی چاہتی ہے۔ بی جے پی کی مرکزی حکومت سماج کے مخصوص طبقات کیلئے کام کررہی ہے۔1