گاندھی ہاسپٹل میں اندرون سال عصری سہولتیں

   

اعضاء کی پیوندکاری ، چائیلڈ کیر اور دیگر سہولتوں کے لیے اقدامات کا آغاز
حیدرآباد یکم مارچ(یواین آئی) سکندرآباد کے گاندھی اسپتال میں اندرون ایک سال بڑے پیمانہ پرتبدیلی ہونے جارہی ہے۔یہ اسپتال عالمی درجہ کی سہولتوں والا اسپتال بن جائے گا۔تلنگانہ حکومت کی جانب سے چلائے جانے والے اس اسپتال میں عصری کیزولٹی ونگ ،ٹرانسپلانٹ ہب اور دیگر کئی سہولتوں کا اضافہ کیاجائے گا۔اس طرح یہ اسپتال عالمی درجہ کی طبی سہولتوں سے لیس اسپتال بن جائے گا۔مدر اینڈ چائلڈ کیر،اعضا کی پیوند کاری ،جگر کے علاج اور دیگر طبی سہولیات میں یہ اسپتال ایک سال میں ایک بڑی تبدیلی کا ذریعہ بن جائے گا۔عصری 50بستروں والا کیزولٹی ونگ بھی اس اسپتال میں قائم کیاجائے گا جس میں ہنگامی نوعیت کے طبی مسائل سے نمٹا جائے گا۔یہ ریاست کا سب سے بڑا کیزولٹی وارڈ ہوگا۔ 2.38 کروڑ روپئے کے بجٹ سے اس شعبہ میں چار آپریشن تھیٹرس قائم کئے جائیں گے ۔ اس میں فوری ایمرجنسی طبی خدمات کو یقینی بنانے کے لئے تشخیصی سہولیات ہوں گی۔ تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے ۔اسپتال میں 200بستروں والا مدر اینڈ چائلڈ کیر سنٹر بھی حاملہ خواتین کے لئے تعمیر کرنے کامنصوبہ ہے ۔30کروڑ روپئے کے اس پروجیکٹ سے اسپتال کے موجودہ بچوں اور قبالت کے شعبہ کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔اس سنٹر کی منصوبہ بندی اور ڈیزائن کا کام مکمل کرلیاگیا ہے ۔ایک اور اہم پروجیکٹ کے حصہ کے طورپر اسپتال کی آٹھویں منزل کو اعضا کی پیوند کاری کے مرکز میں تبدیل کیاجائے گا۔اس 500کروڑ روپئے کے پروجیکٹ سے چھ ماڈی کیولر آپریشن تھیٹرس کے ساتھ ساتھ جگر ،گردوں،دل کی پیوند کاری کے مراکز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔اسپتال میں آرتھوپیڈک کی اعلی سرجریز جیسے گھٹنوں کی تبدیلی بھی کی جائیں گی۔اس طرح گاندھی اسپتال عالمی درجہ کی سہولتوں والا اسپتال بن جائے گا۔