گاندھی ہاسپٹل میں تین دن میں 220 سے زائد اموات

   

نعشوں کو محفوظ رکھنے جگہ کی قلت، حکومت کے اعداد و شمار حقائق سے برعکس
حیدرآباد: کورونا کی دوسری لہر میں فوت ہونے والوں کی تعداد کے بارے میں سرکاری طور پر بھلے ہی کچھ کہا جائے لیکن غیر سرکاری ذرائع کے مطابق کورونا سے اموات میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ حکومت کے کووڈ کے لئے مخصوص گاندھی ہاسپٹل میں گزشتہ تین دنوں میں 220 سے زائد اموات واقع ہوئی ہیں۔ گاندھی ہاسپٹل میں ریاست کے مختلف علاقوں سے کورونا کے سنگین مریضوں کو منتقل کیا جارہا ہے اور گزشتہ چند دنوں سے روزانہ 30 تا 50 اموات ہورہی ہیں۔ ہاسپٹل کے اندرونی ذرائع نے گزشتہ تین دنوں میں 220 اموات کی تصدیق کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ گاندھی ہاسپٹل کی مردہ خانہ میں نعشوں کو رکھنے کیلئے جگہ نہیں ہے۔ نعشوں کی کثرت کو دیکھتے ہوئے بلڈنگ کی چوتھی منزل پر نعشوں کو محفوظ کیا جا رہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کئی مریضوں کے لواحقین نے موت کے بعد نعش حاصل کرنے سے انکار کردیا ہے۔ ہاسپٹل کے حکام اس طرح کی نعشوں کے بارے میں حکام کو اطلاع دے چکے ہیں۔ کورونا سے فوت ہونے پر قریبی رشتہ دار بھی تدفین اور آخری رسومات انجام دینے سے خوفزدہ ہیں۔ گاندھی ہاسپٹل میں نان کووڈ اموات کی صورت میں پوسٹ مارٹم کو روک دیا گیا ہے۔ پوسٹ مارٹم کے لئے عثمانیہ ہاسپٹل سے رجوع کرنے کی اطلاعات ملی ہیں۔