گاندھی ہاسپٹل کو دیگر مریضوں کیلئے کھول دیا جائے گا

,

   

کورورنا مریضوں کا بھی علاج جاری رہے گا ،محکمہ صحت کے عہدیداروں کا بیان

حیدرآباد۔ حکومت تلنگانہ گاندھی ہاسپٹل کو کورونا وائرس کے علاوہ دیگر امراض کے مریضوں کے لئے دیوالی کے بعد کھول دینے کا منصوبہ تیار کرچکی ہے اور کہا جا رہاہے کہ محکمہ صحت کی جانب سے جلد ہی اس سلسلہ میں اہم اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ ریاستی حکومت تلنگانہ نے ریاست میں کورونا وائرس کے مریضوں کی نشاندہی کے ساتھ ہی گاندھی ہاسپٹل کو صرف کورونا وائرس کے متاثرین کیلئے مخصوص کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے مکمل دواخانہ میں موجود دیگر شعبہ جات کو بند کردیا گیا تھا اور گاندھی ہاسپٹل میں اب بھی صرف کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کیا جا رہاہے ۔ محکمہ صحت کے عہدیدارو ںنے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس کے آغاز کے ساتھ ہی ریاست تلنگانہ میں فوری مخصوص کورونا وائرس ہاسپٹل کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے گاندھی ہاسپٹل کو کورونا وائرس کے مریضوں کیلئے مخصوص کرنے کا فیصلہ کیا گیاتھالیکن اب ریاستی حکومت کی جانب سے شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست تلنگانہ کے تمام اضلاع میں موجود ضلعی ہاسپٹلس میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے انفراسٹرکچر کی تیاری اور موجودہ کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے شہر حیدرآباد میں کوروناو ائرس کے مریضوں کے لئے مخصوص کئے گئے گاندھی ہاسپٹل میں دوبارہ تمام شعبہ جات کی خدمات کے آغاز کا جائزہ لیا جا رہاہے۔محکمہ صحت کی جانب سے اس سلسلہ میں مکمل منصوبہ بندی کرتے ہوئے تجاویز اور سفارشات حکومت کو روانہ کردی گئی ہیں اور کہا جار ہاہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے دیوالی کے فوری بعد گاندھی ہاسپٹل میں دیگر خدمات کو بحال کرنے کے سلسلہ میں احکامات کی اجرائی اور کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے مخصوص گوشہ برقرار رکھنے کی ہدایات جاری کی جائیں گی۔محکمہ صحت کے عہدیدارو ںنے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات گاندھی ہاسپٹل کو کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے مخصوص قرار دیئے جانے کا فیصلہ انتہائی اہم رہا اور اس دواخانہ کے ذریعہ ہزاروں مریضوں کے علاج و معالجہ کو یقینی بنایا گیا۔ گاندھی ہاسپٹل کو کورونا وائرس کے مریضوں کیلئے مخصوص قرار دیئے جانے کے باوجود بھی دواخانہ میں خدمات انجام دینے والے عملہ نے شب وروز انتہائی انہماک کے ساتھ مریضوں کے علاج و معالجہ کے علاوہ ان کی صحت کی نگرانی پر توجہ دیتے ہوئے کورونا وائرس کے مقابلہ میں اپنی ہمہ وقت خدمات جاری رکھیںہے۔