گاڑیوں کے لیے پسندیدہ ’ لکی نمبر ‘ حاصل کرنے کا جنون

   

محکمہ ٹرانسپورٹ حیدرآباد سنٹرل زون کو ایک دن میں 30,55,748 روپئے کی آمدنی
حیدرآباد ۔ 16 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : محکمہ ٹرانسپورٹ حیدرآباد سنٹرل زون واقع خیریت آباد میں گاڑیوں کے لیے اپنی مرضی و خواہش کے مطابق فینسی رجسٹریشن نمبر کے حصول کے لیے منعقد کردہ ہراج میں صرف ایک دن کے اندر محکمہ ٹرانسپورٹ سنٹرل زون کو 30,55,748 روپئے کی آمدنی حاصل ہوئی ہے ۔ صرف ایک خواہش کا نمبر 9999 حاصل کرنے کے لیے گاڑی مالک کو کم از کم دس لاکھ روپئے ادا کرنے پڑے ۔ تفصیلات کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ موٹر گاڑیوں کے مالکین کو اپنی مرضی و خواہش ( لکی ) کا نمبر حاصل کرنے کے لیے گاڑیوں کی قیمت کی مماثل لاکھوں روپئے کے عوض ہراج کے ذریعہ اپنی مرضی کا نمبر ( لکی نمبر ) حاصل کرنے کا جنون پایا جاتا ہے اور اس طرح فی الوقت خیریت آباد سنٹرل زون محکمہ ٹرانسپورٹ میں رجسٹریشن نمبروں کی جاری سیریز ٹی ایس 09 ای ایف میں 9999 نمبر کی اجرائی کے لیے باقاعدہ طور پر ہراج منعقد ہوا ۔ اس ہراج میں این ایس ایل پراپرٹیز ادارہ نے رجسٹریشن نمبر (TS.09.EF.9999) کو دس لاکھ روپئے کی بولی لگا کر اپنی مرضی کا نمبر حاصل کرنے میں کامیابی کی جب کہ اس سیریز کا اختتام عمل میں آنے کے بعد گاڑیوں کے رجسٹریشن کی نئی سیریز (TS.09.FF) کا آغاز ہونے پر ایف آر آر ایل ہوٹل کے مالک نے ہراج میں بولی لگا کر (TS.09.FF.0001) کے حصول کے لیے 6.95 لاکھ روپئے ادا کر کے حاصل کیا ۔ اسی طرح TS.09.FF.99 رجسٹریشن نمبر کے حصول کے لیے ایمرجن ایگرمی نوو ادارہ نے ہراج میں بولی لگا کر 2.78 لاکھ روپئے کے عوض حاصل کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 9 نمبر کے لیے کافی ڈیمانڈ پائے جانے کے باوجود نئے سیریز میں 9 نمبر کے لیے اس مرتبہ صرف 50 ہزار روپئے ہی ادا کر کے حاصل کرلیا گیا ۔ اسی دوران محکمہ ٹرانسپورٹ عہدیداروں کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ فینسی نمبرات کے لیے مکمل طور پر شفافیت کے ساتھ ہراج منعقد کیا جاتا ہے اور ان فینسی نمبرات کے حصول کے لیے خواہش مند افراد برسر عام بولی لگاکر اپنی مرضی کے نمبر حاصل کرنے کے لیے کوشاں رہتے ہیں اور بعض اوقات فینسی نمبر کے حصول کے لیے ایک دوسرے پر سبقت لیجاتے ہوئے اس نمبر کو حاصل کرنے کے معاملہ میں آپس میں گریباں بھی پکڑ لینے کے واقعات پیش آئے ہیں کیوں کہ فینسی نمبر کے حصول کا ہر ایک میں ایک علحدہ جنون پایا جاتا ہے ۔ اس طرح دو تین فینسی نمبروں کے ہراج کے ذریعہ محکمہ ٹرانسپورٹ سنٹرل زون خیریت آباد کو آج 30,55,748 روپئے کی آمدنی حاصل ہوئی ۔۔