گاڑی کی تیز رفتاری نے زندگی کی رفتار کو روک دیا

   

گرونانک انجنیئرنگ کے 3 طلبہ سڑک حادثہ میں ہلاک
سیر و تفریح سے واپسی کے دوران سوریہ پیٹ کے قریب المناک واقعہ ، 4 شدید زخمی
حیدرآباد ۔ /12 نومبر (سیاست نیوز) گاڑی کی تیز رفتاری انجنیئرنگ کے زیرتعلیم تین طلباء کیلئے جان لیوا ثابت ہوئی ۔ تفصیلات کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ شہر حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ میں واقع گرونانک انجنیئرنگ کالج ابراہیم پٹنم میں تعلیم حاصل کرنے والے انجنیئرنگ کورسیس کے 15 طلباء دو دن قبل سیر و تفریح کیلئے ضلع گنٹور کے باپٹلہ کو دو کاروں میں روانہ ہوئے اور باپٹلہ کے پاس واقع بیچ (Beech) میں سیر و تفریح کرنے کے بعد گزشتہ دن باپٹلہ سے حیدرآباد واپس ہورہے تھے کہ ضلع سوریہ پیٹ منگال منڈل قومی شاہراہ پر دو کاروں کے منجملہ سامنے جانے والی تیز رفتار کار نے لاری کو عقبی حصہ سے ٹکر دے دی ۔ جس کے نتیجہ میں کار میں سوار دو طلباء مقام واقعہ پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ ایک طالبعلم دواخانہ منتقلی کے دوران جانبر نہ ہوسکا ۔ علاوہ ازیں اسی کار میں سوار مزید چار طلباء شدید زخمی ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ کالج میں زیرتعلیم جملہ 16 طلباء دو کاروں کے ذریعہ سیروتفریح کیلئے باپٹلہ (ریاست آندھراپردیش) روانہ ہوئے اور واپسی کے دوران 7 طلباء سوار رہنے والی کار جو تیز رفتار کے ساتھ چلائی جارہی تھی ضلع سوریہ پیٹ کے منگال منڈل کے پاس واقع اندرا نگر کے مقام پر قومی شاہراہ پر بے قابو ہوکر کار کے سامنے سے جانے والی لاری سے ٹکراگئی ۔ جس کی وجہ سے کار میں سوار سات طلباء کے منجملہ 3 طلباء ہرشا 24 سالہ ، ریونت 24 سالہ ، مقام واقعہ پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ ششنک 26 سالہ دواخانہ منتقلی کے دوران ہلاک ہوگیا ۔ جبکہ کار میں سوار دیگر چار طلباء پرنیت ، آصف ، اجئے اور نکھیل شدید زخمی ہوگئے ۔ ان شدید زخمی طلباء کو سوریہ پیٹ ہاسپٹل میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرکے حیدرآباد منتقل کردیا گیا ۔ مہلوک طلباء میں ریونت کا چمپا پیٹ ، ہرشا کا بالاپور ، اور ششنک کا سکندرآباد سے تعلق بتایا گیا ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ کار کی تیز رفتاری ہی حادثہ کا اہم سبب بتایا گیا ہے ۔