گجرات الیکشن : پہلے مرحلہ میںزائد از60 فیصد ووٹنگ

,

   

39 سیاسی جماعتوں کے 788 امیدوار وں کی قسمت کا فیصلہ ای وی ایمس میں بند

گاندھی نگر :گجرات انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے 89 اسمبلی سیٹوں کے لیے آج ووٹنگ ہوئی۔ رائے کا آغاز صبح 8 بجے ہواشام 5 بجے اختتام عمل میں آیا۔ ان میں کچھ۔سوراشٹر کی 54 اور جنوبی گجرات کی 35 نشستیں شامل ہیں۔ تقریباً 2کروڑ 40 لاکھ ووٹرز نے مختلف جماعتوں کے 788 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ای وی ایم میں بند کردیا۔ پہلے مرحلہ کی ووٹنگ ختم ہو گئی اور مجموعی طور پر 60.23 فیصد پولنگ درج کی گئی۔ پولنگ کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔انتخابات کے پہلے مرحلے میں 39 سیاسی جماعتوں کے 788 امیدوار وں میں 70 خواتین بھی شامل ہیں۔ پہلے مرحلے میں کل دو کروڑ 39 لاکھ 76 ہزار 670 ووٹرز کو اپنے رائے دہی کے حق کے استعمال کی سہولت حاصل تھی۔ ان میں سے 12433362 مرد، 11542811 خواتین اور 497 ٹرانس جینڈر ووٹرز ہیں۔ اس الیکشن میں پہلی بار ووٹ ڈالنے والے 18 سے 19 سال کے نوجوان ووٹرز کی تعداد 574560 ہے۔ 99 سال سے زیادہ عمر کے 4945 ووٹرز ہیں۔الیکشن کمیشن نے پرامن اور منصفانہ پولنگ کو یقینی بنانے کے لیے 25,430 پولنگ اسٹیشن قائم کیے ۔ ان میں سے 9014 مراکز شہری علاقوں میں جبکہ 16416 مراکز دیہی علاقوں میں قائم کیے گئے ۔ اس بار الیکشن کمیشن کی جانب سے 89 ماڈل پولنگ اسٹیشن بھی بنائے گئے ۔ اس کے علاوہ ،معذوروں کے ذریعہ چلائے جانے والے 89 پولنگ اسٹیشن، 611 سخی پولنگ اسٹیشن اور 18 پولنگ اسٹیشن نوجوانوں کے ذریعہ چلائے گے۔ تمام پولنگ اسٹیشن پر سیکورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کیے گئے ۔جنوبی گجرات اور سوراشٹرا۔کچ کے علاقے میں پڑنے والے 19 اضلاع میں آج پولنگ ہوئی۔ جن اضلاع میں پولنگ ہو ئی ان میں کچھ، سریندر نگر، موربی، راجکوٹ، جام نگر، دیو بھومی دوارکا، پوربندر، جوناگڑھ، گر سومناتھ، امریلی، بھاؤ نگر، بوٹاڈ، نرمدا، بھروچ، سورت، تاپی، ڈانگس، نوساری اور ولساڈ شامل ہیں۔ ان میں سے موربی ضلع سب سے زیادہ زیر بحث ہے کیونکہ حال ہی میں وہاں ہونے والے پل حادثے میں 135 لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔گجرات میں دو مرحلوں میں ووٹنگ ہونی ہے۔ دوسرے مرحلے کی پولنگ 5 دسمبر کو ہوگی۔ دوسرے مرحلے میں 83 نشستوں کے لیے 833 امیدواروں کی مہم 3 دسمبر تک جاری رہے گی۔ جبکہ نتائج کا اعلان 8 دسمبر کو کیا جائے گا۔