شمس آباد ۔ 27 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ شمس آباد نے ایک ہی دن میں 87 ہزار مسافروں کی آمد و رفت کو ایڈجسٹ کر کے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ۔ ہندوستان کے پانچ میٹرو شہروں میں مسافروں کی آمد و رفت کے لحاظ سے اپریل تا ستمبر میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھا گیا ہے ۔ سال 2023 کے مقابلے ایرپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق حیدرآباد ایرپورٹ میں 11.7 فیصد اضافہ ہوا ہے جب کہ بنگلور ایرپورٹ میں 10.1 فیصد ، کولکتہ میں 9.4 ، دہلی میں 7.4 ، ممبئی میں 5.4 ، چینائی میں 3.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ شمس آباد ایرپورٹ 72 ملکی اور 18 بین الاقوامی مقامات کو جوڑنے کا کام کررہا ہے اور تقریبا 20 لاکھ مسافرین نے امریکہ اور لندن کو سفر کیا ہے ۔ ایرپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا نے بتایا کہ اکٹوبر میں راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ تقریبا 25 لاکھ مسافروں کو ہینڈل کرتا ہے جو اس مہینے کے مقابلے میں 22 فیصد زیادہ ہے ۔ یہ اضافہ گھریلو اور بین الاقوامی دونوں شعبوں میں دیکھا گیا ۔ گھریلو مسافروں کی آمد و رفت میں سال بہ سال 22.7 فیصد اور بین الاقوامی ٹرافک میں 16.3 فیصد اضافہ دیکھا جارہا ہے ۔ 14 اکٹوبر کو ہوائی اڈے نے ایک ہی دن میں 87 ہزار مسافروں کی آمد و رفت کرنے کا ریکارڈ قائم کیا اور 17,553 ہوائی جہازوں کی نقل و حرکت کا انتظام کیا جو پچھلے سال کے مقابلے میں 19 فیصد اضافہ کی عکاسی کرتا ہے۔ 2024 میں مسافروں کی آمد و رفت 2.5 کروڑ تک پہنچ گئی جو سالانہ شرح میں 45 فیصدی اضافہ ہوا ہے ۔۔