گرفتار ڈپٹی ڈائرکٹر نرہری کے لاکرس سے دیڑھ کروڑ روپئے، زیورات و ہیرے جواہرات برآمد

   

حیدرآباد ۔ 20 جون (سیاست نیوز) غیرمحسوب اثاثہ جات معاملہ میں گرفتار ڈپٹی ڈائرکٹر لینڈ اینڈ سروے سنکری نرہری کے بینک لاکرس کا پتہ چل گیا۔ اینٹی کرپشن بیورو کی جانب سے بینک لاکرس کو کھولا گیا اور اے سی بی ذرائع کے مطابق لاکرس سے دیڑھ کروڑ روپئے نقد رقم اور 2 کیلو سونے کے زیورات بشمول ہیرے کے جواہرات اور 12 سونے کے بسکٹس برآمد ہوئے۔ اے سی بی نے اینٹی کرپشن بیورو کی خصوصی عدالت سے اجازت حاصل کرنے کے بعد سنکری نرہری سے متعلق کارروائی کو انجام دیا۔ پرانے شہر کے علاقہ شاہ علی بنڈہ کے کینرا بینک شاخ میں سنکری نرہری کی بیوی کے نام سے دو لاکرس پائے جاتے ہیں۔ اے سی بی نے سرچ وارنٹ کے ذریعہ لاکرس کو کھولا۔ دیڑھ کروڑ نقد رقم کے علاوہ 100 گرام پر مشتمل 12 سونے کے بسکٹس، ہیرے کے زیورات کل 2 کیلو گرام ضبط کرلیا۔ بتایا جاتا ہیکہ اس کیس میں مزید تحقیقات جاری رہیں گے۔ سنکری نرہری فی الحال جیل میں قید ہے۔ع