گرمی کی شدت کے درمیان کئی علاقوں میں بارش کی پیش قیاسی

   

آئندہ چند دنوں میں درجہ حرارت میں کمی، کئی علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافہ برقرار
حیدرآباد۔16۔ مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں عوام کو شدید گرمی سے راحت کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے حیدرآباد کے بشمول ریاست کے کئی علاقوں میں بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ گزشتہ چند دنوں سے ریاست کے کئی اضلاع میں بارش ریکارڈ کی گئی ۔ تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کے نتیجہ میں درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ۔ اتوار کے دن پٹن چیرو علاقہ میں 23.1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ راجندر نگر کے سلیمان نگر علاقہ مںے درجہ حرارت 41.8 ڈبری درج کیا گیا۔ پٹن چیرو علاقہ میں اقل ترین درجہ حرارت 21.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست کے مختلف حصوں میں درج حرارت 39 تا 41 ڈگری جبکہ اقل ترین درجہ حرارت 25 تا 28 ڈگری ریکارڈ ہوا ہے۔ سدی پیٹ میں 33.2 ملی میٹر بارش کی گئی جبکہ نرمل میں درجہ حرارت 45.5 ڈگری ریکارڈ ہوا۔ رنگا ریڈی میں اقل ترین درجہ حرارت 21.1 ڈگری ریکارڈ ہوا۔ تلنگانہ اسٹیٹ پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ سوسائٹی کے مطابق آئندہ تین دنوں میں 19 مئی تک ریاست کے کئی علاقوں میں ہلکی اور اوسط بارش ہوسکتا ہے جبکہ درجہ حرارت 41 تا 44 ڈگری ریکارڈ ہوسکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں حیدرآباد ، رنگا ریڈی ، محبوب نگر اور ورنگل میں بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ دونوں شہروں میں درجہ حرارت 39.8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ ریاست میں بارش کے باوجود کئی علاقوں میں گرمی کی شدت چند دن برقرار رہ سکتی ہیں۔ بارش کے نتیجہ میں عوام کو وقتی طور پر گرمی سے راحت مل رہی ہے۔ر