اردو میں مواد جلد دستیاب ہوگا ۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم
حیدرآباد۔24۔جون(سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود سے گروپ I کی تربیت کا سلسلہ جاری ہے اور آئندہ چند ہفتوں میں اردو زبان میں مواد منظر عام پر آجائے گا۔ جناب شاہنواز قاسم ڈائرکٹر محکمہ اقلیتی بہبود نے بتایا کہ گروپI اردو تربیتی کلاسس کا انعقاد جامعہ نظامیہ کامپلکس گن فاؤنڈری اسٹڈی سرکل میں عمل میں لایا جا رہاہے ۔ ان اردو گروپ I کلاسس میں محض 25تا30طلبہ شرکت کررہے ہیں اور ان کو تربیت کیلئے ماہر اساتذہ کی خدمات لی گئی ہیں۔ شاہنواز قاسم نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے اردو مواد کی تیاری اور اشاعت کے اقدامات جاری ہیں اور اردو کی 1000 کتابوں کی اشاعت کے احکام دیئے گئے ہیں ۔ انہو ںنے بتایا کہ تربیت پانے والے طلبہ کو پابندی کے ساتھ کلاسس میں شرکت کیلئے پابند کیا گیا ۔ طلبہ کیلئے تربیت کی فراہمی میں طلبہ کی کم تعداد کے متعلق دریافت کرنے پر انکشاف ہوا کہ جو طلبہ اردو میں گروپ I امتحانات تحریر کر رہے ہیں وہ تیاری انگریزی زبان میں کر رہے ہیں کیونکہ انگریزی زبان میں مواد دستیاب ہے اور اردو مواد ابھی دستیاب نہیں ہے۔ شاہنواز قاسم نے بتایا کہ حکومت سے اردو میں گروپ Iامتحانات کی اجازت کے بعد اردو نصاب اور مواد کی عدم موجودگی کی شکایات کے بعد تیاری شروع کی گئی ہے اور انگریزی و تلگو میں موجود مواد کے مماثل اردو نصاب کی تیاری کی جا رہی ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاست میں جو امیدوار اردو زبان میں گروپ I امتحانات تحریر کرنے ہیں انہیں نصاب اور مواد کی فراہمی عمل میں لائی جائیگی ۔ کتب کی اشاعت کے ساتھ ہی گروپ Iاردو زبان کے امیدوار رجسٹریشن کی تفصیل پیش کرکے مواد حاصل کر سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق جاریہ ماہ کے اواخر تک اردو نصاب کے کتب جو مکمل ہونے کے قریب ہیں انہیں طلبہ میں تقسیم کا عمل شروع کردیا جائے گا۔م