گرو گرام میں شدید بارش۔ کئی سڑکیں جھیل میں تبدیل ۔ عوام کو مشکلات

   

گروگرام 4 اگسٹ ( ایجنسیز ) گرو گرام میں آج شدید بارش کے بعد کئی علاقے زیر آب آگئے اور شہر میں مانسون کی روایتی یادیں تازہ ہوگئیں۔ آئی ایف ایف سی او چوک میٹر واسٹیشن کے نیچے سڑک پر کافی پانی جمع ہوگیا تھا ۔ کہا گیا ہے کہ صرف ایک گھنٹے کی بارش میں سارا نظام درہم برہم ہوگیا ۔ کئی افراد کو پانی میں سے گذرتے دیکھا گیا اور صرف فٹ پاتھ سے گذرنے کی گنجائش رہ گئی تھی ۔ کئی آٹو رکشاء گاڑیاں بھی پانی میں پھنسنے کی وجہ سے فیل ہوگئیں۔ میٹرو کے صارفین کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ میٹر واسٹیشنوں تک پہونچنے والے راستوں پر بھی پانی جمع ہوگیا تھا ۔ کئی مقامات پر ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہوگئیتھی اور گاڑیوں کو گذرنے میں بھی مشکلات پیش آ رہی تھیں۔ کئی سوشیل میڈیا صارفین اور مقامی عوام نے ساری صورتحال کو سوشیل میڈیا پر پیش کیا اور نامناسب انتظامات کی شکایت کی ۔ واضح رہے کہ دہلی ۔ جہاں گرو گرام میں آج شدید بارش ہوئی وہیں این سی آر کے علاقہ میں ہلکی بارش ہوئی ۔ یہاں کئی دن سے شدید رطوبت محسوس کی جا رہی تھی ۔ آج کی ہلکی بارش سے عوام کو گرمی سے راحت ملی ۔