گریجویٹ زمرہ کی فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کی مہم

   

ٹی آر ایس کے پرانے شہر دفتر میں خصوصی انتظامات، اقلیتی گریجویٹس سے استفادہ کی اپیل
حیدرآباد۔ گریجویٹ زمرہ کی قانون ساز کونسل کی 2 نشستوں کیلئے فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کی مہم جاری ہے۔ تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے گریجویٹ افراد کے ناموں کو فہرست رائے دہندگان میں شامل کرنے خصوصی پروگرام شروع کیا ہے جس کے تحت اعظم پورہ میں واقع ٹی آر ایس کے اولڈ سٹی آفس میں علحدہ کاؤنٹر قائم کیا گیا جہاں آن لائن رجسٹریشن کی سہولت موجود ہے۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے پارٹی کے یوتھ لیڈر محمد فرقان احمد کو فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کی ذمہ داری دی ہے۔ محمد فرقان احمد جو پرانے شہر میں پارٹی کی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں انہوں نے حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے تمام گریجویٹ افراد بالخصوص اقلیتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سہولت سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے نام رائے دہندوں کی حیثیت سے شامل کریں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد ، رنگاریڈی اور محبوب نگر اضلاع پر مشتمل گریجویٹ زمرہ کی کونسل کی نشست پر ٹی آر ایس امیدوار کی کامیابی کیلئے اقلیتی طبقہ کو مکمل تعاون کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ گریجویٹ زمرہ کی فہرست رائے دہندگان میں شمولیت کے ذریعہ اقلیتی رائے دہندے کونسل کے انتخابات میں فیصلہ کن رول ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اکٹوبر 2017 سے قبل گریجویشن کامیاب کرنے والے افراد ناموں کی شمولیت کے اہل ہیں۔ وہ اس سلسلہ میں ٹی آر ایس اولڈ سٹی آفس واقع اعظم پورہ سے رجوع ہوں۔ ناموں کی شمولیت کیلئے گریجویشن ڈگری، گزیٹیڈ آفیسر کی جانب سے تصدیق شدہ زیراکس، آدھار کارڈ زیراکس اور دو پاسپورٹ سائز فوٹوز کی ضرورت رہے گی۔ مذکورہ دستاویزات کے ساتھ اولڈ سٹی آفس پہنچ کر اپنے نام شامل کراسکتے ہیں۔ فرقان احمد نے کہا کہ پرانے شہر میں ہزاروں ایسے گریجویٹس ہیں جو اس مہم کے بارے میں لاعلم ہیں۔ کونسل میں اپنے مسائل کی یکسوئی کیلئے اقلیتی طبقات کو گریجویٹ انتخابات میں اہم رول ادا کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے مجوزہ انتخابات میں ٹی آر ایس بھاری اکثریت سے دوبارہ کامیابی حاصل کرے گی۔