ووٹر کی تصویر کی جگہ ڈگری سرٹیفکیٹ اپ لوڈ، غفلت برتنے والے ای آر اوز کو کارروائی کا انتباہ
حیدرآباد، 28 نومبر (سیاست نیوز) ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر (CEO) سدرشن ریڈی نے گریجویٹ ووٹرس کی فہرست کی تیاری میں عہدیداروں کی لاپرواہی پر شدید عدم اطمینان و برہمی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسرس، الیکشن رجسٹریشن آفیسرس (EROs) اور اسسٹنٹ الیکشن رجسٹریشن آفیسرس (AEROs) کی کارکردگی پر سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ درخواستوں کی جانچ میں سنگین بے ترتیبی برتی گئی ہے، جس کے باعث فہرست میں متعدد غلطیاں اور ڈپلیکیٹ ووٹرس کے نام شامل ہوگئے ہیں۔ جانچ کے دوران یہ چونکا دینے والا انکشاف بھی ہوا کہ کئی مقامات پر ووٹر کی تصویر کی جگہ ڈگری سرٹیفکیٹ اپ لوڈ کر دیئے گئے ہیں اور ایک ہی مکان نمبر پر ایک ہی تصویر کے ساتھ متعدد ووٹرس کا اندراج کیا گیا ہے۔چیف الیکٹورل آفیسر نے پولنگ اسٹیشنس کی الاٹمنٹ میں بھی غفلت کی نشاندہی کرتے ہوئے اعتراض کیا کہ ووٹرس کی رہائش گاہ سے محض 500 میٹر کے دائرے میں مراکز موجود ہونے کے اصول کے باوجود 14 کلومیٹر دور پولنگ اسٹیشنس مختص کیے گئے ہیںجس سے ووٹرس کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔سدرشن ریڈی نے سخت ہدایت دی کہ تمام ڈپلیکیٹ ناموں کو فوری حذف کر کے صرف اہل گریجویٹس کے نام شامل کیے جائیں اور پولنگ اسٹیشنس رہائش گاہوں کے قریب ہی مختص ہوں۔ انہوں نے واضح انتباہ دیا کہ انتخابی عمل میں شفافیت برقرار رکھنے میں غفلت برتنے والے ای آر اوز کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ 2